نئی دہلی: حکومت نے آج دوردرشن اور آکاشوانی کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کرکے اگلے 20 برسوں کیلئے تکنیکی طور پر جدید انفراسٹرکچر تیار کرنے کیلئے 2.5 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کے ایک مہتواکانکشی منصوبے کو منظوری دے دی ۔اس اسکیم کو آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی نے پرسار بھارتی یعنی آکاشوانی (آل انڈیا ریڈیو) اور دوردرشن (ڈی ڈی) کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے 2,539.61 کروڑ روپے کی رقم کی لاگت والی مرکزی اسکیم دی براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر اینڈ نیٹ ورک ڈیولپمنٹ (بی آئی این ڈی) کے حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ یہ اسکیم پرسار بھارتی کو تنظیم کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور اپ گریڈیشن، مواد کی تخلیق اور سول کام میں نشریات سے متعلق اخراجات کیلئے مالی مدد فراہم کرنا ہے ۔ بی آئی این ڈی اسکیم پبلک براڈکاسٹر کو بہتر انفراسٹرکچر کے ساتھ اپنی سہولیات کو جامع طور پر اپ گریڈ کرنے کے قابل بنائے گی۔