دولتمند علاقائی جماعتوں میں وائی ایس آر کانگریس کو ملک میں دوسرا مقام

   

108 کروڑ کی آمدنی، ٹی آر ایس 37 کروڑ کے ساتھ پانچویں نمبر پر

حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی علاقائی جماعتوں میں ملک کی دوسری بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے اور اس کی آمدنی 108 کروڑ درج کی گئی جبکہ ٹاملناڈو کی برسراقتدار ڈی ایم کے 150 کروڑ کی آمدنی کے ساتھ علاقائی جماعتوں میں سرفہرست ہے۔ عطیات اور دیگر آمدنی جن میں الیکٹورل بانڈز شامل ہیں علاقائی جماعتوں نے آمدنی کے اعداد و شمار الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس کی رپورٹ کے مطابق 2020-21 میں31 علاقائی جماعتوں کی آمدنی کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں تلگو ریاستوں میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سبقت حاصل رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹی آر ایس 37.6 کروڑ کی آمدنی کے ساتھ ملک کی علاقائی جماعتوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ 2020-21 کے دوران 31 علاقائی جماعتوں کی مجموعی آمدنی 529 کروڑ درج کی گئی۔ ڈی ایم کے کو مجموعی آمدنی میں 28 فیصد کی حصہ داری ہے جو 150 کروڑ ہوتی ہے جبکہ وائی ایس آر کانگریس 20 فیصد (108 کروڑ ) کے ساتھ دوسرے، جبکہ اوڈیشہ کی بیجو جنتا دل 13 فیصد یعنی 73 کروڑ روپئے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ ڈی ایم کے کی آمدنی میں گزشتہ سال 2019-20 کے مقابلے 85 کروڑ کا اضافہ ہوا ۔ آمدنی کی رقم کے خرچ نہ کرنے کے معاملہ میں وائی ایس آر کانگریس 99 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بی جے ڈی 90 فیصد اور مجلس 88 فیصد کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ تلگودیشم پارٹی نے 51 کروڑ اور ٹی آر ایس نے 22 کروڑ روپئے کے خرچ کا اعلان کیا ہے۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس نے ایس بی آئی سے آر ٹی آئی کے ذریعہ تفصیلات حاصل کی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ 2020-21 میں علاقائی جماعتوں نے 1019 کروڑ کے الیکشن بانڈز جاری کئے ہیں۔ ٹی آر ایس نے آمدنی کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں داخل کرنے کیلئے 71 دنوں کی تاخیر کی ہے جبکہ تلگودیشم نے 74 اور وائی ایس آر کانگریس نے 133 دن کی تاخیر سے تفصیلات داخل کیں۔ رپورٹ کے مطابق وائی ایس آر کانگریس کو عطیات کے ذریعہ 96 کروڑ جبکہ ٹی آر ایس کو 15.7 کروڑ وصول ہوئے ۔ جنتا دل سیکولر نے کوپن کی فروخت سے 4.6 کروڑ کی آمدنی حاصل کی۔ اخراجات میں ڈی ایم کے نے 218 کروڑ، وائی ایس آر کانگریس 0.8 کروڑ، بیجو جنتا دل 7 کروڑ، جنتا دل یونائٹیڈ 24 کروڑ اور ٹی آر ایس نے 22 کروڑ کا انکشاف کیا۔ر