حیدرآباد 17 مارچ(سیاست نیوز) دونوں شہرو ںحیدرآبادو سکندرآباد میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ محکمہ موسمیات سے جاری اعلامیہ کے مطابق تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گذشتہ یوم ہوئی بارش کے بعد دونوں شہروں میں بھی بارش کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے اور موسمی تبدیلی کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں عوام کو شدید گرمی سے بڑی راحت حاصل ہونے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ شب مختلف اضلاع میں ہوئی بارش کے بعد صبح کی اولین ساعتوں میں دونوں شہروں میں ہلکی بوندا باندی ریکارڈ کی گئی لیکن مطلع ابرآلود رہا جس کے سبب گرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست کے جن اضلاع میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے ان اضلاع میں گرمی کی شدت میں کمی آنے لگی ہے اور اگر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ رنگا ریڈی اور ملکاجگری و میڑچل کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو ایسی صورت میں دونوں شہروں اور نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں گرواٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے اور عوام کو شدید گرمی سے راحت حاصل ہوگی۔3