دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ

   

آئندہ 72 گھنٹوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان
حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندر آباد میں گذشتہ تین یوم سے خوشگوار موسم کے بعد آج دوبارہ دھوپ کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا لیکن شام کے وقت میں اچانک دھوپ میں کمی اور نرمی کے سبب موسم خوشگوار ہی رہا لیکن کہیں بھی بوندا باندی یا بارش ریکارڈ نہیں کی گئی ۔ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلا ع میں گذشتہ تین یوم کے دوران 2تا3ڈگری درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جاچکی ہے اور دھوپ اور گرمی سے پریشان حال شہریوں کو کافی حد تک راحت حاصل ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق ریاست تلنگانہ کے جنوبی اضلاع بالخصوص حیدرآباد‘ نظام آباد ‘ ورنگل ‘ کھمم‘ کریم نگر ‘ راما گنڈم کے علاوہ رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ملکا جگری اور دیگر اضلاع جیسے گدوال ‘ محبوب نگر ‘ شاد نگر کے علاقوں میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی لیکن بارش نہیں ہوئی ۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست میں آئندہ تین یوم کے دوران اسی طرح کے موسم کی برقراری کا امکان ہے اور شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران ہلکی بوندا باندی یا بارش کے امکانات کو مسترد نہیںکیا جاسکتا لیکن دوپہر کے وقت میں دھوپ کی شدت کی برقراری کے سبب گرم ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔