دونوں شہروں میں یوم آزادی تقاریب جوش و خروش کیساتھ انعقاد

   

شہدائے آزادی کو خراج عقیدت، سرکاری و غیرسرکاری اداروں میں پرچم کشائی
حیدرآباد۔15۔اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں ’یوم آزادی ‘ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیاگیا اورمختلف مقامات پر پرچم کشائی کے ذریعہ شہدائے آزادی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خوابوں کے تعبیر ہندستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کیا گیا۔سیاسی جماعتوں کے دفاتر ‘ تعلیمی اداروں کے علاوہ سرکاری دفاتر اور اہم مقامات کے علاوہ مختلف کالونیوں اور محلہ جات اور مدارس دینیہ میں بھی 80 ویں یوم آزادی پر چم کشائی انجام دی گئی ۔گاندھی بھون میں صدرپردیش کانگریس مسٹر مہیش کمار گوڑ نے پرچم کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر گاندھی بھون میں پارٹی کے کئی سرکردہ قائدین مسٹر انجن کمار یادو‘ صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی ‘ صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی جناب طاہر بن حمدان‘جناب ریاض احمد ‘ جناب واجد حسین ‘ جناب عثمان محمد خان کے علاوہ دیگر کئی قائدین و کارکن موجود تھے ۔بی آر ایس کے صدر دفتر تلنگانہ بھون میں کارگذار صدر بی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پرچم کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے سرکردہ قائدین سابق ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ‘ سابق اسپیکر ورکن راجیہ سبھا مسٹر کے آر سریش ریڈی ‘سابق اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھوسدن چاری ‘ جناب علی مسقطی کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر دفتر واقع نامپلی پر ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی مسٹر این رامچندرراؤ نے پرچم کشائی انجام دی جبکہ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن اور دیگر بی جے پی قائدین موجود تھے۔ مجلس اتحاد المسلمین کے صدر دفتر دارالسلام میں جوائنٹ سیکریٹری آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین جناب ایس اے حسین انور نے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔حج ہاؤز میں موجود سرکاری دفاتر تلنگانہ وقف بورڈ ‘ تلنگانہ حج کمیٹی ‘ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے علاوہ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے زیر اہتمام پرچم کشائی کا اہتمام کیاگیا علاوہ ازیں ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات اور سرکاری دفاتر میں بھی یوم آزادی تقاریب کا خصوصی اہتمام کرتے ہوئے پرچم کشائی انجام دی گئی۔3