دو جی ایس ٹی عہدیداروں کے خلاف رشوت ستانی کا مقدمہ

   

حیدرآباد۔ شہر میں دو جی ایس ٹی عہدیداروں کے خلاف 5 کروڑ روپئے رشوت طلبی کا ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ ان عہدیداروں نے ایک کیس کی ‘ جس کی وہ تحقیقات کر رہے تھے ‘ یکسوئی کیلئے پانچ کروڑ روپئے طلب کئے تھے ۔ ان عہدیداروں کی سی ایچ سدھارانی اور بی سرینواس گاندھی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ان عہدیداروں نے انفینیٹی میٹل پراڈکٹس انڈیا لمیٹیڈ سے 15 اپریل کو 10 لاکھ روپئے حاصل بھی کرلئے تھے ۔ اس کمپنی کو ٹیکس کریڈٹ کی تحقیقات کا سامنا ہے ۔ سی بی آئی نے 11 ماہ کی تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تحقیقات کے دوران ان دونوں کے خلاف مواد جمع کیا گیا تھا ۔ سی بی آئی نے جاریہ سال مارچ میں مرکزی وزیر فینانس سے جی ایس ٹی حکام کے خلاف تحقیقات کی اجازت بھی حاصل کرلی تھی ۔ سی بی آئی نے کہا کہ سابق میں کمپنی کے ڈائرکٹر رہ چکے جے ستیہ سریدھر ریڈی کو بھی اس کیس میں ماخوذ کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان عہدیداروں نے 10 لاکھ روپئے حاصل کرلئے تھے اور مابقی پلاٹس کی شکل میں دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔