دو دن سے نئے کیسز کے مقابلہ میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ

   

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے مقابلہ میں شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد آج زیادہ رہی،اوراب تک ملک میں 56 لاکھ سے زائد کورونا مریض صحت مند ہوچکے ہیں۔صحت وخاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر76،737 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے ملک میں صحت مند ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 55،86،703 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصے کے دوران 74،442 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 66،23،815 تک پہنچ گئی۔اس سے قبل اتوار کے روز کورونا کے 82،259 مریض صحت مند ہوئے تھے جبکہ 75،829 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 903 کورونا مریض اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد تعداد 1،02،685 ہوگئی۔کورونا وائرس کے نئے کیسز کم ہونے سے فعال کیسز 3198 سے گھٹ کر 93،44،27 رہ گئے ۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 14.11 فیصد، شفایابی کی شرح 84.34 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.55 فیصد ہے ۔