دو لاکھ ہندوستانی عازمین کسی سبسیڈی کے بغیر فریضہ حج ادا کریں گے

,

   

حج 2020 صد فیصد ڈیجیٹل، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ میں قیام ، ٹرانسپورٹ سہولت کیلئے انتظامات، مختار عباس نقوی کا خطاب

ممبئی، 17 فروری(یواین آئی)اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ ہندوستان میں ڈجیٹل / آن لائن سسٹم نے حج مسافروں کے ‘ایز آف ڈوئنگ حج’ کے خواب کوپورا کیا ہے ۔آج یہاں حج ہاؤس میں حج 2020 کے حوالہ سے ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے بے مثال اقدامات سے جہاں ایک طرف حج کے تمام انتظامات ڈجیٹل اور شفاف ہوئے ہیں وہیں دوسری طرف حج سستا اور آسان ہوگیاہے ۔ حج کے مکمل عمل کو سو فیصد ڈجیٹل / آن لائن کرنے سے درمیانی افراد کے دخل کا کا خاتمہ ہوا ہے اور حج سفر شفاف ہوا ہے۔ حج سبسڈی ختم ہونے کے باوجود بھی حج مسافروں پر بغیر کوئی اضافی بوجھ ڈالے حج گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلہ بہت سستا ہواہے ۔ نقوی نے کہا کہ ہندوستان پوری دنیا کا ایسا پہلا ملک ہوگیا ہے جہاں حج 2020، سو فیصد ڈجیٹل عمل سے ہو رہا ہے ۔ آن لائن درخواست، ای ویزا، حج پورٹل، حج موبائل اپلی کیشن، ‘ای-مسیحا’ صحت سہولت، مکہ مدینہ میں قیام کی عمارت / ٹرانسپورٹیشن کی جانکاری، ہندوستان میں ہی دینے والی ‘ای-لگیج ٹیگنگ’ سسٹم کے ذریعہ ہندوستان سے مکہ -مدینہ جانے والے عازمین حج کو جوڑا گیا ہے ۔ نقوی نے کہا کہ ایر لائنز کی طرف سے حج مسافروں کے سامان کی ڈجیٹل پری ٹیگنگ کا انتظام کیا گیا ہے جس سے ہندوستان جانے والے عازمین حج کو یہیں پر تمام قسم کی معلومات مل جائے گی۔جیسے – حج مسافروں کو مکہ مدینہ میں کس عمارت کے کس کمرے میں ٹھہرنا ہے ، ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد کس نمبر کی بس میں جانا ہے وغیرہ۔ نقوی نے کہا کہ اس کے علاوہ حج مسافروں کے سم کارڈ کو حج موبائل اپلی کیشن سے جوڑنے کا انتظام کیا گیا ہے جس سے حج مسافروں کو مکہ مدینہ میں حج سے متعلق تازہ ترین معلومات فوراً حاصل ہوتی رہیں گی۔‘ای-مسیحا’ میں صحت سہولت دی گئی ہے جس میں ہر حج مسافر کی صحت سے جڑی تمام معلومات آن لائن دستیاب رہیں گی جس سے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوراً کسی حج مسافر کو طبی خدمات فراہم کی جا سکے گی۔ نقوی نے کہا کہ پہلی بار شفافیت اور حج مسافروں کی سہولت کے لیے حج گروپ منتظمین کا بھی پورٹل بنایا گیا جس میں سبھی منظور شدہ ایچ جی او پیکج وغیرہ کی تمام معلومات دی گئی ہیں۔ نقوی نے کہا کہ حکومت ہند، جدہ میں ہندوستانی قونصل خانہ، سعودی عرب کی حکومت اور دیگر متعلقہ ایجنسیاں حج -2020 کو کامیاب، سہل بنانے کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔ 2020 میں 2 لاکھ ہندوستانی مسلمان بغیر کسی حج سبسڈی کے حج کے سفر پر جائیں گے ۔ ان میں تقریبا 1 لاکھ 23 ہزار لوگ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ اور باقی حج گروپ آرگنائزر کے ذریعہ حج پر جائیں گے ۔ اس سال 2100 سے زائد خواتین بغیر ‘محرم’ (مرد رشتہ دار) کے حج پر جائیں گی جنہیں لاٹری نظام سے ب مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔اس ٹریننگ پروگرام میں تقریبا 650 ٹرینی شامل ہوئے جو اپنی اپنی ریاستوں میں حج پر جانے والوں کو حج سے متعلق مختلف عمل، مکہ مدینہ میں حاجیوں کی رہائش، ٹریفک، صحت، سیکورٹی سے متعلق باتوں کی معلومات دیں گے ۔ ان ٹرینیوں میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہوئیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا، کسٹم، ایئر انڈیا، برھن ممبئی میونسپل کارپوریشن، متعدد بینک، ڈیزاسٹر مینجمنٹ وغیرہ محکموں کے اہلکاروں نے ان ٹرینیوں کو ختلف طرح کی جانکاریاں دیں۔اس موقع پر نقوی نے حج ہاؤس میں سول سروس امتحان لرننگ سینٹر، گیسٹ روم اور ٹریننگ ہال وغیرہ کا افتتاح بھی کیا۔