دو کٹر سیاسی حریفوں کی خوشگوارملاقات

   

بنڈی سنجے اور کویتا نے ایک دوسرے کو نمستے کیا اور خیریت دریافت کی
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) سیاست میں دوستی اور دشمنی مستقل نہیں ہوتی، بھلے ہی قائدین سیاسی مجبوری کے تحت ایک دوسرے خلاف بیان بازی اور الزام تراشی سے کام لیتے ہیں لیکن کسی خانگی تقریب میں سامنا ہوجائے تو گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ عام حالات میں کوئی کشیدگی نہیں ہے۔ تلنگانہ میں بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان سخت کشمکش ہے اور دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف سنگین الزام تراشی کررہی ہیں۔ شراب اسکام میں چیف منسٹر کی دختر کویتا کو ماخوذ کئے جانے کے بعد بی جے پی کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوگئے لیکن آج نظام آباد کی ایک خانگی تقریب میں رکن کونسل کویتا اور بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کا اتفاق سے سامنا ہوگیا۔ دونوں نے سیاسی اختلاف بالائے طاق رکھتے ہوئے گرمجوشی سے ملاقات کی اور مکمل احترام کے ساتھ ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔ نظام آباد بی جے پی کے ضلع صدر بسوا لکشمی نرسیا کے نئے مکان کی افتتاحی تقریب میں بنڈی سنجے اور کویتا دونوں مدعو تھے۔ تقریب میں جیسے ہی ایک دوسرے کا سامنا ہوا بنڈی سنجے اور کویتا نے گرمجوشی سے ملاقات کی اور خیر خیریت دریافت کی۔ ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے دونوں قائدین میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ تقریب میں موجود سیاسی قائدین اور کارکنوں نے دونوں کی ملاقات کا دلچسپی کے ساتھ مشاہدہ کیا۔ بنڈی سنجے نے پہلے دونوں ہاتھ جوڑ کر کویتا کو نمستے کیا اور کویتا نے مسکراتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر جواب دیا۔ اس ملاقات پر بی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شراب اسکام معاملہ میں بنڈی سنجے نے کویتا کے جیل جانے کی پیش قیاسی کی تھی لیکن آج کی ملاقات سے کشیدگی کی کوئی جھلک دکھائی نہیں دی۔ر