معائنوں کی تعدا بڑھانے کے علاوہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے محکمہ صحت کا فیصلہ
حیدرآباد۔ریاست تلنگانہ میں گذشتہ دو یوم کے دوران کورونا وائرس کے مثبت مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی ریاستی محکمہ صحت نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کورونا وائرس کے معائنوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ انہیں کسی بھی طرح کی علامات کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع ہونے کی ہدایت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے معائنوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ عاجلانہ مرض کی جانچ اور توثیق کے لئے کیا جا رہاہے تاکہ شہریوں میں شعور اجاگر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ جلد سے جلد علاج کی طرف متوجہ ہونے لگ جائیں۔ ریاست تلنگانہ میں محکمہ صحت کی جانب سے متعدد مرتبہ شہریوں کو دوسری لہر کے سلسلہ میں متنبہ کیا جاتا رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس انتباہ کو نظر انداز کرنے کئے جانے کی کئی مثالیں سامنے آئی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے دوران تشہیر کا حصہ بننے والے شہریوں اور سیاسی قائدین کو بھی ایک ہفتہ کے لئے قرنطینہ اختیار کرنے کی محکمہ صحت کی جانب سے تاکید کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پرہجوم مقامات سے خود کو دور رکھیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی معائنوں کی تعداد میں اضافہ اور دواخانوں میں سہولتوں کی فراہمی میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر ی علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی کورونا وائرس کے معائنوں کی تعدا دمیں اضافہ کیاجائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے جاریہ ماہ کے اختتام تک ریاست تلنگانہ میں صورتحال پر گہری نظر رکھنے کے علاوہ شہریوں کو کسی بھی طرح کی علامات کی صورت میں ا۱پنی جانچ کروانے اور ڈاکٹرس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا جا رہاہے ۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سلسلہ میں عہدیداروں نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں ریاستی حکومت کو اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے صورتحال سے واقف کروانے کے علاوہ دیگر احتیاطی اقدامات کی تجاویز پیش کی جائیں گی۔