دکن کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے اردو یونیورسٹی کا دہلی کے ادارہ سے معاہدہ

   

نادر کتابوں کے ڈیجٹلائزیشن کا منصوبہ
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ہارون خاں شروانی مرکز برائے مطالعات دکن اور نور انٹر نیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت تحقیقی پروگراموں میں اشتراک اور نادر کتابوں کے ڈیجٹلائزیشن کا کام انجام دیا جائے گا۔ معاہدہ کے تحت دونوں ادارے علمی معلومات کا تبادلہ، تحقیقی اور تعلیمی پروگراموں کے مشترکہ انعقاد، مطالعات دکن پر نادر کتابوں اور مخطوطات کے ڈیجٹلائزیشن، بین الاقوامی اور قومی سمینار کانفرنس اور ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون کریں گے۔ پروفیسر عین الحسن وائس چانسلر اور ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری ڈائرکٹر نور انٹر نیشنل مائیکرو فلم سنٹر نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ دونوں ادارے دکن کے منفرد ہند ۔ فارسی ورثے کے تاریخی اور ثقافتی پہلوؤں کو اُجاگر کرنے پر توجہ دیں گے۔ اس موقع پر پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ پرو وائس چانسلر، ریجنل ڈائرکٹر برائے جنوبی ہندوستان نور انٹر نیشنل مائیکرو فلم سنٹر علی اکبر نیرومند اور دوسرے موجود تھے۔ر