دھان کی خریدی کا جائزہ لینے کانگریس قائدین کا مختلف اضلاع کا دورہ

   

ریونت ریڈی نے کسانوں سے ملاقات کی، پارلیمنٹ سیشن میں احتجاج کا تیقن
حیدرآباد۔19۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے آج سے اضلاع کے دوروں کا آغاز کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین کو مختلف اضلاع کے دورہ کی ذمہ داری دی گئی ۔ پارلیمانی حلقوں کیلئے سینئر قائدین کو دورہ کی ذمہ داری دی گئی تاکہ کسانوں کے مسائل پر اظہار یگانگت کرسکے۔ عادل آباد ، پدا پلی ، کریم نگر ، نظام آباد ، ظہیر آباد، میدک اور ملکاجگری پارلیمانی حلقوں میں سینئر قائدین نے دورہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، اے مہیشور ریڈی ، وی ہنمنت راؤ ، ای جیون ریڈی ، سدرشن ریڈی ، دامودر راج نرسمہا ، ٹی جگا ریڈی اور دوسروں نے مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے دھان کی خریدی کے مراکز کا معائنہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کاما ریڈی ضلع کے بسوا پور ، بھکنور ، بھوانی پیٹ ، پالونچہ ، لنگم پیٹ اور دیگر مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے کھیتوں میں پہنچ کر کسانوں سے ملاقات کی اور فصلوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کئی ایسے کسانوں سے ملاقات کی جو دھان کی خریدی کے منتظر ہیں۔ کسانوں نے شکایت کی کہ خریدی میں تاخیر کے نتیجہ میں دھان میں خرابی پیدا ہورہی ہے جس کی قیمت پر اثر پڑسکتا ہے۔ ریونت ریڈی نے کسانوں کو تیقن دیا کہ وہ دھان کی خریدی کے لئے مرکز اور ریاستی حکومتوں پر دباؤ بنائیں گے۔ محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کے ہمراہ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی اور کہا کہ کے سی آر حکومت کو ہر منڈل میں دھان کی خریدی کے مراکز قائم کرنے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور نریندر مودی کسانوں کی زندگی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں کسانوں کے مسئلہ کو شدت کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو کسانوں کے مسائل سے واقف کراتے ہوئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کی جائے گی ۔ ر