دھان کی خریدی کیلئے مرکز پر دباؤ بنانے آج مہادھرنا

,

   

کسانوں سے انصاف تک ٹی آر ایس بی جے پی کا پیچھا کرے گی ۔ ٹی ہریش راؤ

حیدرآباد : /17 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کسانوں کا ساتھ دینے اور دھان کی خریدی کیلئے مرکز پر دباؤ بنانے ٹی آر ایس /18 نومبر کو احتجاجی دھرنا منظم کررہی ہے ۔ ہریش راؤ نے ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو کے ساتھ دھرنا چوک اندرا پارک پہونچ کر احتجاجی دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت پنجاب سے مکمل دھان خرید رہی ہے اور تلنگانہ سے دھان خریدنے سے انکار کیا جارہا ہے ۔ جس کے خلاف ٹی آر ایس نے کسانوں کے حق کی لڑائی لڑنے کیلئے /18 نومبر کو صبح 11 تا دوپہر 2 بجے تک احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دھرنے کے بعد راج بھون پہونچ کر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کو ایک یادداشت پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس معاملے میں پوری طرح کسانوں کے ساتھ ہے ۔ دھان کی خریدی تک مرکزی حکومت اور بی جے پی کا پیچھا کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت رہے یا اپوزیشن میں ہمیشہ عوامی مفادات کو ترجیح دینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 7 منڈلوں اور لوئیر سلیر پاور پلانٹ کو غیر ضروری طور پر آندھراپردیش میں ضم کیا گیا ہے ۔ جس سے ریاست تلنگانہ کو سالانہ 1000 کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے ۔ جس دن یہ فیصلہ کیا گیا اُسی دن چیف منسٹر کے سی آر نے سخت احتجاج کیا تھا ۔ تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ مرکزی حکومت سوتیلا سلوک کررہی ہے ۔ جس کے خلاف ٹی آر ایس احتجاج کررہی ہے اور مہا احتجاجی دھرنے کا انعقاد کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ملک کی تمام ریاستوں سے ایک جیسی پالیسی ہونی چاہئیے ۔ پنجاب سے مکمل دھان خریدا جارہا ہے ۔ مگر تلنگانہ سے دھان نہیں خریدا جارہا ہے ، یہ طریقہ غیر مناسب ہے ۔ دھان خریدنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ جمہوریہ انداز میں پرامن مہادھرنا کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس دھرنے پر ٹی آر ایس کا کیڈر بڑے پیمانے پر شریک ہوگا ۔ ن