خصوصی مہم کا سلسلہ جاری ، وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔7۔مارچ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ مال کی جانب سے جاری دھرانی سے متعلق شکایات کو دور کرنے کے لئے جاری خصوصی مہم کے دوران 76ہزار 382 شکایات کی یکسوئی عمل میں لائی گئی ۔ ریاستی وزیر مال مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے یکم تا 9 مارچ کے دوران ریاست کے تمام تحصیلدار دفاتر پر دھرانی سے متعلق شکایات کی یکسوئی کے سلسلہ میں خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے دھرانی پورٹل کے متعلق زیرالتواء 2 لاکھ 46ہزار 536 درخواستوں کی یکسوئی کے لئے خصوصی مہم چلانے کے اقدامات کئے تھے اور اس سلسلہ میں جاری مہم کے دوران 7مارچ تک 76 ہزار سے زائد شکایات کی یکسوئی کرتے ہوئے ایک ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری مہم پر شکایت کنندگان کی جانب سے زبردست ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کے لئے تحصیلدار کے دفاتر پہنچے جس کے نتیجہ میں ان کی یکسوئی ممکن ہوپائی ہے۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایاکہ سابقہ حکومت کی جانب سے دھرانی پورٹل کے ذریعہ مالکین جائیداد‘ کسانوں کے علاوہ دیگر کو گذشتہ تین برسوں سے مشکلات میں مبتلاء کرتے ہوئے انہیں ہراساں کیا جا رہا تھا۔3