دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ طلبہ کی اخلاقی فتح : مہیش کمار گوڑ

   

راہول گاندھی کی قیادت میں ا پوزیشن اتحاد کی جدوجہد رنگ لائی، مرکز جھکنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و ایم ایل سی مہیش کمار نے مرکزی وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کو ملک کے طلبہ اور نوجوانوں کی عظیم اخلاقی فتح قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میسج جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی کی قیادت میں تمام غیر بی جے پی سیاسی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں نے جو ملک گیر جدوجہد کی تھی یہ استعفیٰ اسی کا نتیجہ ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ جمہوریت میں عوامی تحریک اور عوامی جنگ کے سامنے بالآخر یہ اقتدار کو جھکنا ہی پڑتا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ اس بات کا روشن ثبوت ہیکہ جمہوریت میں آمرانہ رویوں اور ہٹ دھرمی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اخلاقی اور تاریخی فتح کے اصل معمار راہول گاندھی ہیں جنہوں نے طلبہ کے حقوق اور پیپر لیک اسکینڈل کے خلاف پارلیمنٹ سے سڑکوں تک مسلسل آواز بلند کی۔ پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کے بے رحمانہ لاٹھی چارج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ پر ڈھائے جانے والے اس تشدد کو پوری دنیا نے دیکھا اور محسوس کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ محض ایک وزیر کا استعفیٰ کافی نہیں ہے بلکہ نظام کو شفاف بنانے کیلئے مستقبل میں ایسے سنگین پیپر لیک واقعات کو روکنے کیلئے ایک جامع اور مضبوط قانون بنایا جائے۔2
راہول گاندھی اور ملکاراجن کھرگے کی تجویز کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تفصیلی مباحث کرائی جائے۔ اس بحران اور تناؤ کے باعث جن طلبہ نے اپنی جانیں گنوائی ہیں ان کے غمزدہ خاندانوں کو فوری طور پر معقول مالی امداد اور سہارا فراہم کیا جائے۔ ملک بھر کے طلبہ کے تمام جائز اور زیرالتواء مطالبات کو بلاتاخیر حل کیا جائے۔2