دھورندھر جاپان میں انتہائی ناکام فلم ثابت ہوئی

   

ممبئی 12جولائی (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی ایکشن ڈراما فلم دھورندھر نے ہندوستان میں زبردست مقبولیت حاصل کرنے کے باوجود جاپانی باکس آفس پر مایوس کردیا ہے۔ ہدایت کار آدتیہ دھر کی اس فلم کو 10 جولائی کو جاپان کے سینما گھروں میں ریلیزکیا گیا، تاہم ابتدائی رپورٹس کے مطابق فلم توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔اطلاعات کے مطابق دھورندھرکو جاپان میں تقریباً 80 سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، لیکن افتتاحی دن فلم دیکھنے والوں کی تعداد 900 سے بھی کم رہی۔ متعدد سینما گھروں میں نشستیں خالی رہیں اور کئی شوز انتہائی کم تماشائیوں کے ساتھ چلائے گئے، جس کے باعث اسے جاپان میں وسیع پیمانے پر ریلیز ہونے والی ہندوستانی فلموں میں کمزور ترین آغاز قراردیا جا رہا ہے۔یہ صورت حال فلم کی ہندوستان میں شاندار کامیابی کے بالکل برعکس ہے۔ رپورٹس کے مطابق دھورندھر فرنچائز کی ابتدائی دو فلمیں ہندوستان میں مجموعی طور پر تقریباً 3,200 کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جس کے بعد بیرون ملک بھی اس فلم سے بڑی توقعات وابستہ کی جا رہی تھیں۔فلمی تجزیہ نگاروں کے بموجب ممکن ہے جاپانی ناظرین فلم کی کہانی، ایکشن انداز یا تشہیری مہم سے متاثر نہ ہو سکے ۔ اگرچہ ماضی میں کئی ہندوستانی فلموں نے جاپان میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے، تاہم وہاں کامیابی کا انحصار صرف بڑے ستاروں پر نہیں بلکہ مقامی ناظرین کی دلچسپی، مثبت آرا اور زبانی تشہیر پر بھی ہوتا ہے۔دوسری جانب دھورندھرکے پروڈیوسرز یا فلم سازوں نے جاپانی باکس آفس پر فلم کی ابتدائی کارکردگی کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ فلمی حلقے اب اس بات پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ آیا یہ ایکشن فلم آنے والے دنوں میں واپسی کر پاتی ہے یا رواں سال کی بیرون ملک سب سے بڑی مایوس کن ریلیز میں شمار ہوگی۔اگرچہ افتتاحی اعداد و شمار نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، تاہم فلم کی حتمی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ ناظرین کے مجموعی ردعمل پر ہوگا۔