چینائی : چینائی سوپر کنگس ( سی ایس کے ) کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی آج چینائی پہنچ چکے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ آئی پی ایل 2021ء کیلئے چینائی ٹیم کی پریکٹس کیمپ کا 9 مارچ کو آغاز ہوگا ۔ دھونی کی یہاں آمد کے بعد انہیں اب پانچ دن کا قرنطینہ مکمل کرنا ہے ۔ سی ایس کے نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شائع کی جو دھونی کی ایئرپورٹ آمد کی ترجمانی کررہی ہے ۔ اس تصویر کے ساتھ اپنے انداز میں دھونی کی آمد کی خبر دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم کے سابق بیٹسمین امباتی رائیڈو بھی چینائی پہنچ چکے ہیں اور وہ بھی چند دنوں میں ٹیم میں شامل ہوجائیں گے ۔ سی ایس کے کے سی ای او کے ایس وشواناتھن نے کہا ہے کہ امید کی جارہی ہے کہ ٹیم کا ٹریننگ کا کیمپ 9 مارچ سے شروع ہوگا اور اس ٹریننگ میں جو بھی کھلاڑی دستیاب رہیں گے وہ ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی چینائی آمد کے بعد انہیں پہلے پانچ دن کا قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا جس کے بعد ان کے تین کورونا ٹسٹ کئے جائیں گے اور اُن کا نتیجہ بھی منفی آنا لازم ہے ۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل کے 14ویں ایڈیشن کیلئے بی سی سی آئی کی جانب سے میزبان شہروں کا ہنوز اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔تاہم سیزن کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران چینائی ٹیم نے آل راؤنڈر معین علی کو 7کروڑ میں حاصل کیا ہے جب کہ کرناٹک کے آل راؤنڈر کے گوتم کو 9.25 کروڑ میں حاصل کیا ہے ۔