دھونی کو فوج میں دو ماہ ٹریننگ کی اجازت مل گئی

   

نئی دہلی۔23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کو ٹیریٹورییل آرمی (ٹی اے )کی پیراشوٹ ریجمنٹ میں دو ماہ کی ٹریننگ کرنے کے لیے فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت سے اجازت مل گئی ہے۔دھونی ٹی اے کی پیراشوٹ ریجمنٹ میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر تعینات ہیں اور وہ فوج کے ساتھ ٹریننگ کرنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دھونی نے سیاچن میں ٹریننگ کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ دوماہ تک چلنے والی ان کی ٹریننگ میں کچھ وقت وہ وادی کشمیر میں بھی گزاریں گے۔ہندستان کے ورلڈکپ فاتح کپتان کو اگرچہ ٹریننگ کے دوران فوج کے کسی بھی فعال آپریشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ دھونی نے حال ہی میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے دو ماہ کی رخصت لی ہے اور اگلے ماہ ہونے والے ویسٹ انڈیز کے دورے سے خود کو الگ کر لیا تھا۔ دھونی کے اس دورے میں منتخب ہونے پر ہی سب سے زیادہ بحث ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق دھونی دیگر جوانوں کے ساتھ ٹریننگ کریں گے اور دو ماہ کے دوران دیگر فوجیوں کی طرح ہی رہیں گے۔ فوج کی پیراشوٹ ریجمنٹ کا ہیڈکوارٹر بنگلور میں واقع ہے اور فی الحال اس کی تعیناتی وادی میں ہے۔قابل ذکر ہے کہ دھونی سال 2015 میں ماہر پیراشوٹ فوجی بنے تھے۔ انہوں نے اس کے لئے آگرہ کے ٹریننگ کیمپ میں فوج کے طیارے سے پانچ پیراشوٹ ٹریننگ چھلانگ لگائی تھی۔ سابق کپتان کو سال 2011 میں لیفٹیننٹ کرنل کے اعزازی عہدے سے نوازا گیا تھا جو ٹی اے کی 106 انفینٹری بٹالین کا حصہ ہے۔ فوج کی پیراشوٹ ریجمنٹ کی دو بٹالین میں سے یہ ایک ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد سے ہی دھونی کی سبکدوشی کے متعلق قیاس آرائی کی جا رہی تھی لیکن انہوں نے کرکٹ میں اپنے مستقبل پر کچھ نہیں کہا جس سے ان کے ٹیم میں انتخاب کے تعلق سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔