دھون زخمی ، ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان

   

لندن ۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ میں اپنے 2 میچز کی کامیابی کے بعد ہی بہت بڑا دھکا لگ گیا اور اوپنر شکھر دھون زخمی ہوگئے ہیں اور اب ایونٹ میں ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف میچ میں دھون کے انگوٹھے پر کالٹر نائل کی تیز رفتار گیند لگی تھی جس سے وہ زخمی ہوئے ۔ دھون مذکورہ میچ میں بیٹنگ کرنے کے بعد واپس فیلڈنگ کے لیے نہیں آسکے تھے۔ دھون نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 117 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دھون کے زخم کا معائنہ کیا گیا جس میں ان کے انگوٹھے میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔ ڈاکٹر نے انہیں تین ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے سبب وہ کم از کم جون کے مہینے میں ہونے والے ٹیم کے تمام میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق دھون کو ٹیم سے ریلیز کر دیا جائے گا جبکہ ان کی جگہ نوجوان شریاس ائیر یا پھر رشبھ پنت کو شامل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان کو جون کے مہینے میں پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔