نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی ہفتہ کی صبح 8 بجے شروع ہوگی۔ قومی راجدھانی کے 11 اضلاع میں 19 گنتی مراکز پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن انتظامیہ کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کی مکمل تیاریاں کر لی گئی ہیں۔سب سے پہلے پوسٹل بیلٹس کی گنتی ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات 9 بجے کے بعد آنا شروع ہو جائیں گے ۔ نئی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن دوپہر تک واضح ہونے لگے گی۔ عام آدمی پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے ہیڈکوارٹر میں ووٹوں کی گنتی کے نتائج کا خیر مقدم کرنے کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں، جہاں پارٹیوں کے سینئر لیڈر میڈیا پرسن اور کارکنوں سے بات چیت کے لیے موجود ہوں گے ۔دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر آر۔ ایلس واز کے مطابق دہلی اسمبلی کے تمام 70 حلقوں کے فارم 17 سی سمیت انتخابی دستاویزات کی جانچ مکمل ہو چکی ہے ۔ جانچ کے دوران الیکشن کمیشن کے سنٹرل ڈسپیچر، امیدواران، ان کے ایجنٹس اور الیکشن افسران موجود تھے اور کسی امیدوار نے کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔ دہلی میں 5 فروری کو منعقدہ ووٹنگ کے مطابق دارالحکومت کے 11 اضلاع میں 60.42 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمائی کیلئے جملہ699 امیدوار میدان میں اترے ۔دہلی کے ساتھ ساتھ، دو ریاستوں – تمل ناڈو (ایروڈ ایسٹ) اور اتر پردیش (ملکی پور) میں ایک ایک سیٹ کے لیے 5 فروری کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے ۔