دہلی آلودگی معاملے پر سپریم کورٹ کا فوری سماعت سے انکار

   

دہلی : دارالحکومت دہلی میں ماحولیاتی آلودگی سے سبھی پریشان ہیں۔ حالانکہ حالات کچھ بہتر ضرور ہوئے ہیں اور اسکول و کالج کھولنے کا اعلان بھی ہو چکا ہے، لیکن کسانوں کے ذریعہ لگاتار پرالی جلائے جانے کے سبب ہوا زہریلی ہو رہی ہے۔ اس معاملے میں ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی گئی تھی جس پر عدالت عظمیٰ نے آج فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ پہلے عدالت نے اس عرضی پر 10نومبر کو سماعت کرنے کی بات کہی تھی۔ آج چیف جسٹس چندرچوڑ نے عرضی دہندہ سے کہا کہ ’’آپ پرالی جلانے پر روک چاہتے ہیں۔ لیکن کیا ہم ہر کسان کو اس کا حکم دے سکتے ہیں؟ کچھ چیزیں عدالت کر سکتی ہے، اور کچھ نہیں۔
ہم نہیں سمجھتے کہ اس معاملے کو فوراً سننے کی ضرورت ہے۔‘‘واضح رہے کہ گزشتہ 4 نومبر کو وکیل ششانک شیکھر جھا نے دہلی-این سی آر میں زبردست فضائی آلودگی کا معاملہ اْس وقت کے چیف جسٹس یو یو للت کے سامنے رکھا تھا۔ انھوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ اے کیو آئی 500 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ لوگوں کے جینے کے حق کی حفاظت کے لیے عدالت کو مداخلت کرنی چاہیے۔ اس پر چیف جسٹس للت نے 10 نومبر کو معاملہ کی سماعت کے لیے فہرست بند کرنے کی بات کہی تھی۔