دہلی حکومت کسانوں کے ساتھ اپنے عہد کی پابند :ریکھا گپتا

   

چھوٹ کے تحت خریدے گئے گیہوں کا عام اسٹاک سے علیحدہ ذخیرہ کیا جائے گا

نئی دہلی، 29 اپریل (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ محترمہ گپتا نے آج کہا کہ اس سال ناموافق موسم کی وجہ سے گیہوں کی فصل کی کوالٹی متاثر ہوئی ہے ۔ ایسی صورتحال میں کسانوں کی پریشانی کم کرنے اور انہیں مجبوری میں کم قیمت پر اپنی پیداوار فروخت کرنے سے بچانے کے مقصد سے دہلی حکومت نے ٹھوس پہل کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 21 اپریل سے ربیع مارکیٹنگ سیزن (آر ایم ایس) 2026-27 کے لیے پوری دہلی کے تمام اضلاع میں گیہوں کی خریداری کے معیار میں خصوصی چھوٹ کی منظوری دی گئی ہے ، جو اس سیزن کے آغاز سے ہی نافذ العمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترمیم شدہ نظام کے تحت اب گیہوں میں چمک کی کمی (لسٹر لاس) کو 70 فیصد تک قبول کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی سکڑے ہوئے اور ٹوٹے ہوئے دانوں کی حد کو پہلے کے 6 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد تک کر دیا گیا ہے تاکہ موسم سے متاثرہ فصل بھی خریداری کے دائرے میں آ سکے ، تاہم معیار کا توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ واضح کیا گیا ہے کہ ٹوٹے اور ہلکے ٹوٹے ہوئے دانے مل کر 6 فیصد سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ چھوٹ کے تحت خریدے گئے گیہوں کو مختلف طریقے سے سنبھالا جائے گا۔ اس گیہوں کو عام اسٹاک سے الگ رکھ کر اس کا الگ ذخیرہ کیا جائے گا اور اس کا پورا حساب کتاب الگ رکھا جائے گا تاکہ شفافیت برقرار رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے گیہوں کو ترجیحی بنیادوں پر سب سے پہلے استعمال کیا جائے گا، یعنی اسے زیادہ دیر تک اسٹور نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح خریدے گئے گیہوں کا استعمال صرف دہلی کے اندر ہی کیا جائے گا، جس سے مقامی غذائی ضروریات کی تکمیل یقینی ہوسکے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ذخیرہ کرنے کے دوران اس گیہوں کے معیار میں کوئی کمی آتی ہے تو اس کی پوری ذمہ داری دہلی حکومت کی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہلی حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ یہ فیصلہ کسانوں کو ریلیف دینے ، ان کی محنت کا مناسب معاوضہ یقینی بنانے اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
اس فیصلے سے پیدا ہونے والے کسی بھی قسم کے مالی یا آپریشنل اثرات کی پوری ذمہ داری دہلی حکومت خود برداشت کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایات دی ہیں کہ پورے عمل کو شفاف، ذمہ دارانہ اور بروقت نافذ کیا جائے تاکہ اس کا فائدہ براہ راست کسانوں اور صارفین تک پہنچے ۔