دہلی سمیت شمالی ہند کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

   

شدید جھٹکوں سے عمارتیں لرزنے لگیں‘ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

نئی دہلی : دہلی سمیت شمالی ہند کے کئی علاقوں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس گئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 17 فروری کی صبح 5.36 بجے دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.0 تھی۔ زلزلے کا مرکز دھولا کواں کے قریب جھیل پارک کے پاس تھا۔زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ عمارتیں لرزنے لگیں اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ درختوں پر بیٹھے پرندے بھی اونچی آواز میں ادھر ادھر اڑنے لگے۔ اس کا مرکز نئی دہلی میں زمین سے پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ یہ 28.59 ڈگری شمالی عرض البلد اور 77.16 ڈگری مشرقی طول البلد پر تھا۔ کم گہرائی اور مرکز دہلی میں ہونے کی وجہ سے دہلی میں زلزلہ کااثر زیادہ محسوس ہوا۔اس کے ساتھ ہی اتر پردیش کے مرادآباد، سہارنپور، الور، متھرا اور آگرہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دہلی پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر جاری کی ہے اور کہاکہ کسی بھی ہنگامی امداد کیلئے 112 پر ڈائل کرکے رابطہ کریں۔ زلزلے کے حوالے سے غازی آباد کے ایک رہائشی نے بتایا کہ زلزلہ بہت زوردار تھا۔ پوری عمارت لرز رہی تھی۔ دہلی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا انتظار کر رہے ایک مسافر نے کہا کہ زلزلہ مختصر مدت کے لیے تھا لیکن اس کی شدت بہت زیادہ تھی۔ ایسا لگا جیسے کوئی ٹرین بہت تیز رفتاری سے آئی ہو۔ ریلوے اسٹیشن پر ایک دکاندار نے کہا کہ سب کچھ ہل رہا تھا۔ یہ بہت تیز تھا۔ گاہکوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ ٹرین کا انتظار کرنے والے ایک اور شخص نے کہاکہ ہمیں یوں لگا جیسے یہاں زیر زمین ٹرین چل رہی ہے اور سب کچھ ہل رہا ہے۔وزیر اعظم مودی نے عوام کو اطمینان سے رہنے کا مشورہ دیا۔ لوگ زلزلوں کے جھٹکوں کے بعد خوف زدہ تھے۔