دستاویزات و الیکٹرانک آلات کی حوالگی کیلئے علیحدہ نوٹس کی حوالگی ۔ مزید پوچھ تاچھ کا بھی امکان
حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) دہلی شراب اسکام کی تحقیقات کے سلسلہ میں سی بی آئی نے آج بھارت راشٹرا سمیتی کی رکن کونسل کے کویتا سے ان کی رہائش گاہ پر ساڑھے سات گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی۔ 11 عہدیداروں بشمول ایک خاتون پر مشتمل سی بی آئی کی دو ٹیموں نے کویتا سے پوچھ تاچھ کی اور بیان قلمبند کیا۔ سی آر پی سی دفعہ 160 کے تحت انہیں نوٹس جاری کی گئی تھی اور کویتا نے سی بی آئی کو پوچھ تاچھ کیلئے ان کی رہائش گاہ پر 11 ڈسمبر کو پہنچنے کی بات کہی تھی۔ سی بی آئی کی ٹیم کی آمد کے پیش نظر سٹی پولیس نے ان کی رہائش گاہ بنجارہ ہلز کے اطراف علاقوں میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا تھا اور بی آر ایس کارکنوں اور میڈیا کو روکنے بیریکیڈس لگائے تھے۔ واضح رہے کہ دہلی شراب اسکام کے گرفتار ملزم امیت اروڑہ نے تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر ایم ایل سی کویتا سے متعلق تفصیلات بتائی تھی جس کا سی بی آئی نے نوٹ لے کر کویتا کو گواہ کی حیثیت سے نوٹس جاری کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ عہدیدار اپنے ہمراہ ایک سوالنامہ لائے تھے جس کی بنیاد پر ان سے سوالات کئے گئے اور بعد ازاں ان کا بیان بھی قلمبند کیا گیا۔ بعد ازاں سی بی آئی کی ٹیم نے کویتا کو ایک اور نوٹس سی آر پی سی کی دفعہ 91 کے تحت جاری کرکے ان کے پاس موجود دستاویزات اور الیکٹرانک اشیاء کو حوالے کرنے کامشورہ دیا۔نوٹس میں کہا گیا کہ مقررہ وقت میں سی بی آئی کو درکار دستاویزات و اشیاء فراہم کئے جائیں ۔تازہ نوٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کویتا سے دوبارہ پوچھ گچھ کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ شراب اسکام کے اہم ملزم و تاجر امیت اروڑہ کی ریمانڈ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کویتا نے تقریباً 10 موبائیل فونس کو استعمال کے بعد ضائع کردیا تھا۔ سی بی آئی نے دوپہر کے کھانے کے وقفہ کے بعد پوچھ تاچھ کا سلسلہ شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رکھا اور سی بی آئی عہدیدار ان کی رہائش گاہ میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ 30 نومبر کو ای ڈی نے دہلی کی ایک عدالت میں امیت اروڑہ نامی تاجر کی تحویل میں رپورٹ داخل کی تھی جس میں کویتا کا نام پہلی مرتبہ ظاہر ہوا تھا اور جبکہ سی بی آئی نے دہلی کی شراب پالیسی میں بے قاعدگیوں کا دعویٰ کرکے دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور دیگر کئی افراد کے خلاف ایف آئی آر جاری کیا تھا ۔ کویتا نے سی بی آئی کی نوٹس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ سے تحریری درخواست کرکے کیس کی تفصیلات بشمول ایف آئی آر کاپی وغیرہ حاصل کئے تھے لیکن ایف آئی آر میں نام موجود نہ ہونے پر اپنی رہائش گاہ پر ہی سی بی آئی کو آنے کی اجازت دی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ آج تحقیقات اور کویتا کے بیان کی تفصیلات سے سی بی آئی دہلی کے ڈی آئی جی کو واقف کرایا جائے گا اور اس کے بعد ہی مزید کارروائی ممکن ہے۔ کویتا نے سی بی آئی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فوری اپنے والد چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کیلئے پرگتی بھون پہنچ گئیں اور تقریباً 45 منٹ کی ملاقات کے بعد وہ آج رات اپنی رہائش گاہ واپس لوٹ گئیں۔ ب