دہلی فسادات : اَنکت شرما کے قتل کے پیچھے گہری سازش

,

   

سابق عآپ لیڈر طاہر حسین پر ہجوم کی قیادت کا الزام ، چارج شیٹ داخل ، 16 جون کو سماعت
نئی دہلی۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی دہلی میں فسادات کے دوران انٹلیجنس بیورو آفیسر انکت شرما کے قتل کے پیچھے گہری سازش تھی۔ عام آدمی پارٹی کے معطل شدہ کونسلر طاہر حسین نے انکت شرما کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا اور ان کو قتل کرنے والے ہجوم کی قیادت کی تھی۔ دہلی پولیس نے دہلی کی ایک عدالت میں آج انکت شرما کے قتل سے متعلق چارج شیٹ داخل کی۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ رچا پریہار کے اجلاس میں دہلی کرائم برانچ کی داخل کردہ چارج شیٹ کی سماعت 16 جون کو ہوگی۔ چارج شیٹ میں بتایا گیا کہ ہجوم نے انکت شرما کے قتل کے بعد اس کی نعش کو ایک نالے میں پھینک دیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکت شرما کے جسم پر 51 ضربات کا انکشاف ہوا تھا۔ چارج شیٹ مختلف دفعات کے تحت داخل کی گئی۔ اس مقدمہ میں طاہر حسین کے بشمول 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیش پر پتہ چلا کہ فسادات اور انکت شرما کے پیچھے گہری سازش تھی۔ طاہر حسین کو اہم ملزم قرار دیا گیا جس پر ہجوم کو اکسانے کا الزام ہے۔ یہ واردات 24 اور 25 فروری کو چاند باغ میں پیش آیا۔ تحقیقات کے دوران انکت شرما کے خون میں لت پت کپڑے اور قتل کیلئے استعمال کیا گیا ہتھیار بھی دستیاب ہوا تھا۔ ایک اور مقدمہ میں طاہر حسین کی لائسنس یافتہ پستول بھی ضبط کرلی گئی۔ 24 فروری کو پیش آئے ایک اور کیس کے سلسلے میں چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔ دہلی فسادات کے دوران تقریباً 58 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچا تھا۔