دہلی میئر الیکشن: 3 فروری کو عآپ میئر امیدوارشیلی اوبرائے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت

   

نئی دہلی : سپریم کورٹ عآپ کی میئر عہدہ کی امیدوار شیلی اوبرائے کی عرضی پر 3 فروری کو غور کرنے پر متفق ہو گیا ہے۔ اس عرضی میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ میئر الیکشن طے مدت میں کرانے کا حکم صادر کیا جائے۔ سینئر وکیل ابھشیک سنگھوی نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ کے سامنے معاملے کا تذکرہ کیا۔ پھر عدالت عظمیٰ نے 3 فروری کو معاملے کی سماعت کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ آپ نے بی جے پی پر میئر عہدہ کے لیے انتخاب کرانے سے بھاگنے کا الزام عائد کیا ہے۔گزشتہ دسمبر میں ہوئے ایم سی ڈی الیکشن میں آپ نے 250 وارڈوں میں سے 134 پر جیت درج کی تھی جبکہ بی جے پی 104 وارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ بی جے پی کے پاس اتنے نمبر دکھائی نہیں دے رہے کہ وہ میئر کی کرسی پر قبضہ کر سکے، لیکن اس کے کچھ لیڈران لگاتار دعویٰ کر رہے ہیں کہ میئر انتخاب میں اس کے امیدوار کی جیت ہوگی۔اس درمیان آپ لیڈر سوربھ بھاردواج کا کہنا ہے کہ دہلی کے لوگوں نے ایم سی ڈی میں آپ کو اکثریت دی ہے لیکن بی جے پی ہمیں ایم سی ڈی میں حکومت نہیں بنانے دے رہی ہے۔