26 اور 27 اکٹوبر کو قائدین کا اضلاع کا دورہ ، 28 اکٹوبر سے بس یاترا کا آغاز ، 31 اکٹوبرکو پرینکا گاندھی کا دورہ
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 اکٹوبر کو امیدواروں کی دوسری فہرست کی اجرائی کا جائزہ لینے دہلی میں کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ انچارج کانگریس مانک راؤ ٹھاکرے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، قائد مقننہ ملوبٹی وکرامارک کے علاوہ دیگر 26 اور 27 اکٹوبر کو تلنگانہ کے تقریباً 40 اسمبلی حلقوں کا دورہ کرکے 6 گیارنٹی سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرینگے۔ قائدین و کارکنوں سے ملاقات کرکے جلسے اور کارنر میٹنگس سے خطاب کریں گے۔28 اکٹوبر سے کانگریس کی دوسرے مرحلے کی بس یاترا کا آغاز ہوگا۔ بتایا جارہا ہے کہ 4 نلگنڈہ، رنگاریڈی، میدک اور محبوب نگر میں بس یاترا ہوگی جس میں چیف منسٹرکرناٹک سدارامیا، پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی کی شرکت کے امکانات ہیں ۔ بس یاترا سے زیادہ سے زیادہ حلقوں کا احاطہ کرنے تیاری کی جارہی ہے۔ ممکن ہو تو یاترا کے دوران او بی سی اور میناریٹی ڈیکلریشن بھی جاری کیا جاسکتا ہے۔ او بی سی اور میناریٹی ڈیکلریشن کمیٹیوں نے ڈیکلریشن تیار کرلیا ہے۔ پرینکا گاندھی 31 اکٹوبر کو حیدرآباد پہنچیں گی۔ شمس آباد ایرپورٹ سے وہ سیدھا کولا پور ضلع محبوب نگر پہنچ کر جلسہ سے خطاب کریں گی۔ جوپلی کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت کے وقت میں وہ کولا پور کے جلسہ سے خطاب کرنے والی تھیں تاہم اس وقت جلسہ نہیں ہوسکا اسلئے 31 اکٹوبر کو پرینکا گاندھی جلسہ میں شرکت کررہی ہیں جس کو کامیاب بنانے کرشنا راؤ کے بشمول ضلع محبوب نگر کے قائدین انتظامات کررہے ہیں۔ کانگریس نے تلنگانہ انتخابات کیلئے 55 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ دوسری فہرست کی اجرائی جائزہ لینے سنٹرل کمیٹی کا چہارشنبہ کو دہلی میں اجلاس ہورہا ہے جس میں امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کے ساتھ کمیونسٹ جماعتوں سی پی آئی اور سی پی ایم سے اتحاد کرنے اور انہیں نشستوں کے تعلق سے فیصلہ کا امکان ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کمیونسٹ قائدین سے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ تلنگانہ کانگریس ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ کانگریس مختلف پروگراموں کے ذریعہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے کی تیاری کررہی ہے۔ ایک طرف جہاں کانگریس کی 6 ضمانتیں گھر گھر پہنچائی جائیں گی وہیں بس یاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کی جائے گی۔ جلسہ عام ہو گا جس میں قومی قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ اقلیتیں پوری طرح کانگریس کے ساتھ ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ حلقہ نظام آباد اربن سے مقابلہ کے خواہشمند ہیں ۔ ڈی سنجے کے علاوہ ایک اقلیتی قائد ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ کل سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس ہے وہ امید کرتے ہیں اس میں فیصلہ ہوگا۔ اقلیتیں نظام آباد اربن، محبوبنگر و عادل آباد سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام بی آر ایس سے عاجز آچکے ہیں متبادل کے طور پر کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ن