نئی دہلی: دہلی میں آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دہلی حکومت نے آئی آئی ٹی کانپور سے مصنوعی بارش کے حوالے سے تفصیلی تجویز طلب کی ہے۔ دہلی حکومت اس تجویز کو جمعہ کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش کرے گی اور بتائے گی کہ وہ آلودگی سے نمٹنے کے لیے مصنوعی بارش کے آپشن پر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔اس معاملے پر بات کرتے ہوئے دہلی کے ماحولیات کے وزیر گوپال رائے نے کہا کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک موثر قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’آئی آئی ٹی کانپور کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی، جس میں کہا گیا کہ 20-21 نومبر کو مصنوعی بارش کا پائلٹ مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ آئی آئی ٹی کانپور نے بندیل کھنڈ میں مصنوعی بارش کا پائلٹ مطالعہ کیا ہے۔ آئی آئی ٹی کانپور آج اپنی تجویز میں بتائے گا کہ اس پر کتنا خرچ آئے گا۔‘‘گوپال رائے نے کہا ’’آئی آئی ٹی کانپور کی پوری تجویز کو سپریم کورٹ کے سامنے رکھ کر منظوری حاصل کریں گے، کیونکہ مرکزی حکومت سے بھی بہت سی منظوریوں کی ضرورت ہے۔ وزراء کی میٹنگ آج اس لیے بلائی گئی تھی کیونکہ کئی جگہوں سے خبریں آ رہی ہیں کہ حکومت کے فیصلوں کو زمین پر نافذ نہیں کیا جا رہا ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق دہلی سے باہر کی ایپ پر مبنی ٹیکسیوں کو دہلی آنے پر پابندی لگا دی ہے۔‘‘اگر سپریم کورٹ نے گرین سگنل دیا تو دہلی حکومت مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر اجازت لینے کا عمل شروع کرے گی۔