دہلی میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آیا

   

نئی دہلی : قومی راجدھانی میں حال ہی میں تنزانیہ سے واپس آئے 37سالہ شخص کے اومی کرون ویریئنٹ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔مسٹر جین نے یہاں آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مریض کو لوک نائک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں دہلی حکومت کی طرف سے اومی کرون ویریئنٹ سے متاثر پائے جانے والوں کے لئے نوڈل سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مریض دو دسمبر کو دہلی واپس آیا تھا اور اس میں بیماری کی ہلکی علامات نظر آئی ہیں۔ مریض کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کووڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس کی رپورٹ پازیٹیو آنے کے بعد اسے اسپتال میں منتقل کردیا گیا اور اس کا نمونہ دہلی میں ایک آئی این ایس اے سی او جی لیباریٹری میں بھیجا گیا۔ایک سینئر افسر نے کہاکہ آج آئی ان کی جینوم کی رپورٹ میں اومیکرون ویرئینٹ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔