دہلی میں سرد ہوائیں جاری، دھوپ نکلنے سے عوام کو راحت

   

نئی دہلی،31دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)دارالحکومت دہلی میں منگل کو ٹھنڈی ہوائیں جاری رہیں لیکن دن میں نکلی دھوپ سے دہلی کے عوام کو تھوڑی راحت ملی۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دارالحکومت میں فضاکا انڈیکس صبح 400تھا جو بے حد خراب زمرے میں آتا ہے ۔اس کے پیش نظر سینئر ڈاکٹروں نے دل اور سانس کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے ۔محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے آنے والے دو دنوں تک شدید سردی کی پیش قیاسی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ذرائع نے کہا کہ آج دن میں آسمان کے صاف رہنے کا امکان ہے ۔ لیکن شام اور رات کے وقت پارہ گرسکتا ہے ۔واضح رہے کہ دارالحکومت میں 119برسوں میں پیر کو سب سے سرد دن درج کیاتھا۔آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4.8ڈگری سیلسیس درج کیاگیا۔دہلی حکومت نے شدید ٹھنڈ کے پیش نظر یہاں سے سبھی رین بسریروں میں کافی اچھا انتظام کیاہے لیکن بے سہارا لوگوں نے کئی مقامات پر ٹھنڈ سے بچنے کے لئے آگ کا سہارا لیا۔جاریہ ماہ میں دہلی کے عوام کو سخت موسم کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔