دہلی میں نظام حیدرآباد کے قیمتی زیورات کی نمائش

,

   

نیشنل میوزیم میں عوام الناس کے لیے 5 مئی تک جاری رہے گی
نئی دہلی ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نئی دہلی کے نیشنل میوزیم میں حضور نظام حیدرآباد کی بیش بہا قیمتی زیورات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے اس نمائش کو عوام الناس کے لیے 5 مئی تک جاری رکھا گیا ہے ۔ نمائش میں زائد از 173 قیمتی اور نادر زیورات کو رکھا گیا ہے جو حضور نظام سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے 1724 سے 1948 تک حکومت کی ۔ اس سارے کلکشن کو حکومت ہند نے حضور نظام نواب میر عثمان علی خاں کی وفات کے بعد ان کے خاندان والوں سے 23 سال تک مسلسل بات چیت کے بعد 217 کروڑ روپئے میں ان کے بڑے فرزند اعظم جاہ سے خریدا تھا ۔ اس قیمتی میراث کی اصل قدر و لاگت کا اندازہ کرنا مشکل ہے ۔ یہ زیورات نہ صرف برصغیر ہند میں سب سے عمدہ ترین زیورات کے خزانوں میں سے ایک ہیں بلکہ دکن کی دو سو سالہ تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہے ۔ اس طرح کی یہ تیسری نمائش ہے جہاں ہیرے جواہرات کو پیش کیا گیا ہے جو 18 ویں اور 20 ویں صدی کے دور سے تعلق رکھتے ہیں ۔ پہلی نمائش 2001 میں نیشنل میوزیم میں رکھی گئی تھی ۔ نمائش میں رکھے گئے قیمتی زیورات میں سربند زیور ، نیکلس ، بیلٹس ، اور بریسلیٹ اور چوڑیاں ، ایر نگس ، بازوبند ، بچھوئے ، پیر کی چین ، انگوٹھیاں جیبی گھڑی اور چین گھڑی ، بٹن اور کف کٹری کے علاوہ بیش بہار قیمتی ہیرے ، الماس ، زمرد ، یاقوت جن کی لاگت اربوں روپئے ہے بھی شامل ہیں ۔۔