دہلی میں چار منزلہ عمارت منہدم ‘ 6 افراد ہلاک

   

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے دیال پور تھانہ علاقے میں ہفتہ کو چار منزلہ عمارت گرنے سے چھ افراد ہلاک اور 20 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع صبح تقریباً 3 بجے ملی۔ اس بنیاد پر دہلی پولیس کے علاوہ دہلی فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم شکتی وہار لین نمبر 1 میں واقع جائے وقوعہ پر پہنچی۔زخمیوں کو فوری طور پر جی ٹی بی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا جہاں بعد میں چھ افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ دیال پور کے علاقے میں واقع یہ 20 سال پرانی چار منزلہ رہائشی عمارت تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان مہلوکین کے ورثا کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور ہر مرنے والے کے لواحقین کے لئے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (PMNRF) سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور یقین دلایا کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ عمارت گرنے کا واقعہ صبح 2.39 بجے کے قریب پیش آیا جب مکین عمارت کے اندر سو رہے تھے۔ دہلی فائر سروس کے ڈویژنل فائر آفیسر راجندر اٹوال کے مطابق دفتر کو صبح 2.50 بجے اس واقعہ کے بارے میں الرٹ کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندر کئی خاندانوں کے کرایہ پر رہنے کا شبہ ہے اور یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مکین سو رہے تھے۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ میں خوف کا ماحول دیکھا گیا۔