دہلی میں کے سی آر کی اروند کجریوال ‘ اکھیلیش یادو سے ملاقات

,

   

متبادل ایجنڈہ کی تیاری پر روڈ میاپ تیار کرنے کی پہل ۔ ملک کی صورتحال ‘ معاشی بحران اور دیگر امور پر تبادلہ خیال
حیدرآباد 21 مئی ( سیاست نیوز ) ایک ہفتہ طویل قومی دورہ پر کل دہلی پہونچے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آج مصروف ترین دن گذارا ، اترپردیش کے سابق چیف منسٹر و سربراہ سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو ، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی ۔ ملک کی تازہ سیاسی ، معاشی صورتحال و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ‘ متبادل ایجنڈہ پر ہم خیال قائدین اور چیف منسٹرس کے ساتھ روڈ میاپ تیار کرنے پہل کی ۔ اکھلیش یادو 12-30 بجے دن دہلی میں کے سی آر کی قیام گاہ پہونچے جن کا کے سی آر نے خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پرشانت ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ سنتوش کمار ، این ناگیشور راؤ ، رنجیت ریڈی ، وینکٹیش نے بھی شرکت کی ۔ شام میں اروند کجریوال سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے بموجب کے سی آر نے اس دورہ کے اغراض و مقاصد سے دونوں کو واقف کرایا ۔ بالخصوص ملک کی موجودہ صورتحال ، معاشی بحران ، پٹرول ، ڈیزل ، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ‘ریاستوں پر مالی بوجھ مرکز سے حصول قرض کیلئے تحدیدات و مرکز سے گرانٹس کی عدم اجرائی ، جی ایس ٹی و دیگر محاصل کے بقایہ جات کی عدم اجرائی ، غیر بی جے پی ریاستوں سے سوتیلے سلوک پر تبادلہ خیال کیا ۔ اکھلیش سے ملاقات کے دوران یو پی انتخابات اور اس کے نتائج پر تبادلہ خیال کرکے مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا ۔ بی جے پی کی جانب سے مذہب کی بنیاد پر سیاست کا جائزہ لیا گیا ۔ قومی سطح پر علاقائی اور قومی جماعتوں کے محاذ کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ متبادل محاذ پر چیف منسٹر کے سی آر کے موقف سے اکھلیش نے اتفاق کیا اور کہا کہ پہلے وہ دیگر جماعتوں اور چیف منسٹرس سے تبادلہ خیال کریں ، اسکے بعد ایک اور ملاقات ہوگی ۔ اس کے علاوہ کے سی آر نے چیف منسٹر دہلی کجریوال سے ملاقات کی ۔ کجریوال نے کے سی آر کو دہلی کے سرو ودیا اسکول کا معائنہ کرایا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا وہ دیگر موجود تھے ۔ کے سی آر اور ان کی ٹیم کو اسکول کی دستاویزی فلم دکھائی گئی ۔ عہدیداروں نے اسکول کی سہولیات ، خصوصیات اور انتظامی امور پر روشنی ڈالی اور انفراسٹرکچر کا معائنہ کرایا ۔ بعد ازاں کے سی آر کو محمد پور محلہ کلینک کا بھی دورہ کرایا اور غریب عوام کو طبی سہولتوں سے واقف کرایا ۔اس کے علاوہ ماہرین معاشیات ، میڈیا نمائندوںو ریٹائرڈ آئی اے ایس ، آئی پی ایس عہدیداروں سے ملاقات کرکے چیف منسٹر سیاسی متبادل تشکیل دینے سے قبل متبادل ایجنڈہ کی تیاری پر توجہ دے رہے ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی کو طویل عرصہ تک اقتدار کے باوجود پانی کے عدم استعمال کسانوں کے مسائل زرعی شعبہ کی ابتر صورتحال و دیگر امور پر ہم خیال جماعتوں کی تائید حاصل کرنے میں مصروف ہیں ۔ کے سی آر اتوار کو چندی گڑھ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ کسان احتجاج میں فوت 600 کسانوں کے ورثاء میں فی کس 3 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کریں گے ۔