دہلی کا جلسۂ عام راہول گاندھی کے وزیرِ اعظم بننے کا نقطۂ آغاز ہوگا: مہیش کمار گوڑ

   

گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر تلنگانہ سے 7500 کانگریسی قائدین و کارکنان کی دہلی روانگی
حیدرآباد، 31 اکٹوبر [سیاست نیوز] چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبہ کو لے کر اتوار کے روز دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے احتجاجی جلسے میں شرکت کیلئے تلنگانہ کے کانگریس قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد دہلی روانہ ہو چکی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ، وزیر پونم پربھاکر، کئی اراکینِ اسمبلی، اراکینِ قانون ساز کونسل اور پی سی سی کے اہم ترین قائدین جمعہ کی شام دہلی کیلئے روانہ ہوئے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع سے تقریباً 5,000 کانگریس کارکن 100 بسوں کے ذریعے دہلی کیلئے روانہ ہوئے ہیں جبکہ دیگر 2,500 افراد مختلف سواریوں جیسے ٹرینوں، کاروں اور ہوائی جہاز کے ذریعے دہلی پہنچ رہے ہیں۔ اس طرح تلنگانہ سے جملہ 7,500 سے زائد افراد دہلی کیلئے روانہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزراء پونم پربھاکر، وکیتی سری ہری اور اراکینِ پارلیمنٹ ملّو روی، چملا کرن کمار ریڈی اور بلرام نائک دہلی میں تمام انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں تاہم تمام تر رکاوٹوں اور دشواریوں کے باوجود کانگریسی قائدین اور کارکنان ہر ممکن ذریعہ استعمال کرتے ہوئے دہلی پہنچ چکے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے دعویٰ کیا کہ رام لیلا میدان کا یہ تاریخی جلسہ عام راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مودی حکومت کے طرزِ عمل اور الیکشن کمیشن کے ذریعے کی جانے والی بے ضابطگیوں سے شدید بے چین اور بیزار ہو چکے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں کانگریس کی عظیم الشان فتح ہوگی اور راہول گاندھی کو ملک کا وزیراعظم بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔2/a/b