نئی دہلی :دہلی۔این سی آر کی ہوا پچھلے کچھ دنوں سے زہریلی بنی ہوئی ہے۔ ادھر فضائی آلودگی کے ساتھ دھند نے بھی عوام کے لیے پریشانی میں اضافہ کردیا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، دہلی کے شاہدرہ میں جمعرات یعنی آج سب سے زیادہ ہوا کے معیار کا انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم، دارالحکومت میں شام 6 بجے اوسط AQI 400 سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ٹی او میں ایئر کوالٹی انڈیکس ‘شدید’ زمرے میں 442 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ نوئیڈا میں AQI- 469۔ وہیں آنند وہار میں بھی ‘شدید’ زمرے میں 449 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس ‘شدید’ زمرے میں پہنچ گیا ہے۔واضح ہو کہ اے قیو آئی صفر سے 50 کے درمیان ‘اچھا’ ہوتا ہے، 51 سے 100 کے درمیان ‘اطمینان بخش’، 101 اور 200 کے درمیان اعتدال پسند، 201 اور 300 کے درمیان خراب، 301 اور 400 کے درمیان انتہائی ناقص اور 401 اور 500 کے درمیان شدید رینج میں سمجھا جاتا ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دہلی میں صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی اور دن کے وقت موسم صاف رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بھی ایسے ہی موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری جانب ہفتہ سے آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے سے دہلی میں آلودگی میں اضافہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آلودگی میں اضافہ سے نہ صرف شہریوں کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں بلکہ فضائی اور روڈ ٹرانسپورٹ میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔