نئی دہلی : عام آدمی پارٹی نے دہلی کی ایم سی ڈی پر قبضہ کر لیا ہے اور اس جیت کے چند روز بعد ہی لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے حکم دیا ہیکہ پارٹی ریاستی حکومت کے اشتہارات کیلئے 97 کروڑ ادا کرے۔ واضح رہے یہ رقم ان اشتہاروں پر خرچ کئے گئے جو مبینہ طور پر دہلی میں حکومت کے 5 سال کے کام کاج کو فروغ کرنے کیلئے دیئے گئے تھے۔ آپ نے کہا ہیکہ لیفٹیننٹ گورنر کے پاس اس طرح کے احکامات جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی نے 15 سال سے دہلی کی ایم سی ڈی پر قابض بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کر دیا ہے۔ دہلی اسمبلی میں پہلے ہی وہ دو مرتبہ سے پوری اکثریت کے ساتھ بر سر اقتدار ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے اشتہارات پر یہ کارروائی کی ہے، کیونکہ آپ نے مبینہ طور پر سپریم کورٹ (2015) اور دہلی ہائیکورٹ (2016) کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، اس کے علاوہ سرکاری اشتہارات (2016) میں مواد کے ضابطہ پر عدالت کی طرف سے مقرر کردہ کمیٹی کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ایل جی نے چیف سکریٹری کو دہلی حکومت کے فنڈز سے خرچ کی گئی رقم کی وصولی کی ہدایت دی ہے۔دوسری جانب این ڈی ٹی وی پر شائع خبر کے مطابق عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج نے میڈیا میں لیفٹیننٹ گورنر کے حکم کی اطلاع کے بعد ہدایات کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا اور دوسری ریاستوں کے اشتہارات کی جانب اشارہ کیا۔انہوں نے پوچھا کہ بی جے پی کی مختلف ریاستی حکومتوں نے جو دہلی میں اشتہارات جاری کیے۔ ان اشتہارات پر خرچ کیے گئے 22,000 کروڑ روپے بی جے پی سے کب وصول کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا جب ان سے وصول کئے جائیں گے تو ہم بھی 97 کروڑ روپے دے دیں گے۔واضح رہے اشتہار کا مسئلہ 2017 کا ہے، جب دہلی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلسٹی (DIP) نے عدالتی احکامات پر مرکزی حکومت کی طرف سے 2016 میں قائم کی گئی ایک کمیٹی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کہا تھا کہ 97.14 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں یا بک کیے گئے ہیں۔