دہلی کے خلاف آج پنجاب کو کامیابی اشد ضروری

   

دھرم شالہ ،10 مئی (آئی اے این ایس ) انڈین پریمیئر لیگ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور پلے آف میں رسائی کے لیے ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان ایک نہایت اہم میچ پیر11 مئی کو دھرم شالہ کے ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلہ غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے، کیونکہ ایک طرف پنجاب کنگز اپنی کھوئی ہوئی فتوحات کی رفتار بحال کرنا چاہتی ہے، جبکہ دوسری جانب دہلی کیپیٹلز کے لیے یہ میچ ٹورنمنٹ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے۔ پنجاب کنگز نے رواں سیزن کا آغاز انتہائی جارحانہ اور شاندار انداز میں کیا تھا۔ ٹیم نے ابتدائی 7 میچوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر مضبوط مقام بنالیا تھا۔ شریاس ائیرکی کپتانی، بیٹرس کی جارحانہ کارکردگی اور بولرزکی عمدہ لائن و لینتھ نے پنجاب کو ٹورنمنٹ کی خطرناک ٹیموں میں شامل کردیا تھا۔ تاہم سیزن کے درمیانی مرحلے میں ٹیم کی کارکردگی میں اچانک گراوٹ دیکھنے میں آئی اور پنجاب کو مسلسل 3 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان ناکامیوں نے نہ صرف ٹیم کی رفتار متاثر کی بلکہ پلے آف کی دوڑ میں بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ پنجاب کی بیٹنگ لائن میں پریانش آریا، پربھ سمرن سنگھ، نہال وڈھیرا، ششانک سنگھ اور مارکس اسٹوئنس جیسے جارحانہ بیٹرس موجود ہیں، جو کسی بھی وقت میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آل راؤنڈرز عظمت اللہ عمرزئی اور مارکو یانسن ٹیم کو توازن فراہم کرتے ہیں، جبکہ بولنگ شعبے میں ارشدیپ سنگھ، یزویندر چہل اور لاکی فرگوسن جیسے تجربہ کار کھلاڑی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب دہلی کیپیٹلزکے لیے رواں سیزن کسی ڈراؤنے خواب سے کم ثابت نہیں ہوا۔ ٹیم11 میچوں میں صرف 4 فتوحات حاصل کرسکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر نچلے حصے میں موجود ہے۔ دہلی کی امیدیں اب انتہائی محدود ہوچکی ہیں اور اگر ٹیم کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہنا ہے تو اسے اپنے باقی تمام میچ جیتنے ہوں گے۔ تاہم حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے یہ ہدف آسان دکھائی نہیں دیتا۔ دہلی کی ٹیم گزشتہ 6 میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کرسکی ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کے اعتماد پر بھی اثر پڑا ہے۔کپتان اکشر پٹیل کو اس اہم میچ میں نہ صرف بہتر قیادت بلکہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانا ہوگی۔ دہلی کی بیٹنگ لائن میں کے ایل راہول، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس اور نتیش رانا جیسے تجربہ کار بیٹرس شامل ہیں، جبکہ بولنگ میں کلدیپ یادو، مچل اسٹارک، ٹی نٹراجن اور مکیش کمار پر بڑی ذمہ داری عائد ہوگی۔دھرم شالہ کی پچ عموماًبیٹرس کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے، تاہم شام کے وقت ٹھنڈے موسم اور ہوا کے باعث فاسٹ بولرز کو بھی مدد مل سکتی ہے۔