10 لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ۔ تمام تیاریاں مکمل
اکھیلیش ‘تیجسوی یادو ‘ ممتابنرجی ‘ فاروق عبداللہ شریک ہونگے
حیدرآباد 31 اکٹوبر(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی کارکردگی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبہ پر رام لیلا میدان پر یکم نومبر اتوار کو تاریخ ساز ریلی منعقد ہونے والی ہے ۔ اس مظاہرہ میں زائد از 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس مارچ اور مظاہرہ میں’انڈیا اتحاد‘ کی سیاسی جماعتوں کے قائدین ‘ سربراہ کانگریس ملکارجن کھرگے کی قیادت میں منٹو روڈ کناٹ پلیس سے پیدل ریالی کی شکل میں رام لیلا میدان پہنچیں گے جہاں احتجاجی مظاہرہ میں زائد از 10 لاکھ افراد موجود رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق اس مارچ و مظاہرہ میں سونیا گاندھی ‘ راہول گاندھی ‘ پرینکا گاندھی ‘ اکھلیش یادو‘ ممتا بنرجی ‘ تیجسوی یادو ‘ فاروق عبداللہ ‘ محبوبہ مفتی و چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی ‘ چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار‘ چیف منسٹر ٹاملناڈو سی کے جوزف ‘ چیف منسٹر کیرالا وی ڈی ستیشن ‘ چیف منسٹر ہماچل پردیش مسٹر سکھویندر سنگھ سکھو‘ کے علاوہ شیوسینا ادھوٹھاکرے کے سرکردہ قائدین شرکت کریں گے۔ اس تاریخی مظاہرہ میں شرکت کیلئے ملک کے مختلف مقامات سے سیاسی قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد میں آمد کے علاوہ ٹرینو ں اور بسوں سے عوام کی بڑی تعداد دہلی پہنچ چکی ہے۔ تلنگانہ سے وزراء اور اراکین اسمبلی و کونسل و مختلف اداروں او ر کارپوریشنوں کے صدورنشین بھی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست بھی رام لیلا میں احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کیلئے دہلی روانہ ہوئے ۔ ملک میں حق رائے دہی کے تحفظ کے ذریعہ دستور کے تحفظ کو یقینی بنانے اس احتجاجی مظاہرہ میں مختلف ریاستوں سے کئی سرکردہ قائدین دہلی پہنچ رہے ہیں ۔ اس احتجاجی مظاہرہ کو کاکروچ جنتا پارٹی کی حمایت کے علاوہ بانی کاکروچ جنتا پارٹی مسٹر ابھجیت دیپکے احتجاج میں شرکت کیلئے دہلی پہنچ چکے ہیں ۔ مظاہرہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے علاوہ سماجی جہدکاروں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے ۔ مظاہرہ میں عوام سے شرکت کی اپیل کرنے والی تنظیموں میں طلبہ تنظیمیں‘ مزدور یونین اور کسان تنظیمیں شامل ہیں جو خود بھی اس مظاہرہ میں شرکت کر رہی ہیں۔3