دہلی کے ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی، 21 ہلاک

,

   

نئی دہلی 03 جون:(ایجنسیز)قومی دارالحکومت دہلی کے مالویہ نگر علاقے کے حوض رانی میں واقع ایک ہوٹل میں چہارشنبہ کی صبح لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 40 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں متعدد غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں جو علاج کی غرض سے دہلی آئے ہوئے تھے۔آگ صبح تقریباً آٹھ بج کر پچاس منٹ پر ’’فلورش اسٹے‘‘ نامی ہوٹل کے تہہ خانے میں قائم ریسٹورینٹ میں بھڑکی۔ دیکھتے ہی دیکھتے شعلے پوری عمارت میں پھیل گئے اور ساتھ واقع ایک دوسرے ہوٹل ’’مائیکاسا اِن‘‘ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ کو اطلاع ملتے ہی متعدد گاڑیاں، پانی کے ٹینکر، فوری امدادی گاڑیاں اور دیگر عملہ موقع پر روانہ کیا گیا۔ تنگ گلیوں اور گنجان آبادی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔عینی شاہدین کے مطابق کئی افراد نے جان بچانے کے لیے عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر نیچے چھلانگ لگا دی۔ بعض افراد گرنے کے باعث زخمی بھی ہوئے۔ مقامی لوگوں نے نیچے گدّے بچھا کر متاثرین کو بچانے کی کوشش کی۔ہوٹل میں تقریباً 25 کمرے ہیں اور آتشزدگی کے وقت 40 سے زیادہ مہمان موجود تھے۔ زیادہ تر افراد سو رہے تھے جب آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ابتدائی تحقیقات میں قواعد و ضوابط کی ممکنہ خلاف ورزیوں کے اشارے ملے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہوٹل کو بستر و ناشتے (بی اینڈ بی) اسکیم کے تحت صرف چھ کمروں کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن وہاں مبینہ طور پر 25 کمرے استعمال میں تھے، جن میں تہہ خانے میں قائم کمرے بھی شامل ہیں۔