دہلی ہائی کورٹ سے منیش سیسودیا کو نہیں ملی راحت، ضمانت عرضی خارج

   

نئی دہلی:ایک بار پھر دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب دہلی ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت عرضی کو خارج کر دیا۔ منیش سسودیا نے دہلی ہائی کورٹ سے 6 ہفتے کی عبوری ضمانت کا مطالبہ کیا تھا، جس کو ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ منیش سسودیا جس عہدہ پر رہ چکے ہیں، اس سے اس بات کا اندیشہ بنا رہتا ہے کہ وہ گواہوں اور ثبوتوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ جسٹس دنیش کمار شرما کی عدالت نے مبینہ آبکاری پالیسی گھوٹالے سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں عاپ لیڈر منیش سسودیا کی چھ ہفتہ کی عبوری ضمانت عرضی پر پیر کے روز اپنا یہ حکم سنایا۔دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ نے اپنی بیمار بیوی کا تنہا تیماردار ہونے کی بنیاد پر عارضی ضمانت کی گزارش کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں مستقل ضمانت کے لیے سسودیا کی ایک عرضی ہائی کورٹ کے سامنے زیر التوا ہے۔ آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملہ میں سسودیا کی گرفتاری 9 مارچ 2023 کو ہوئی تھی اور فی الحال وہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔