دیوالی تہوار کے موقع پر ایودھیا میں دیپ اتسو

   

18 لاکھ چراغ روشن، وزیر اعظم کے ہاتھوںجشن کا افتتاح
لکھنؤ: وزیر اعظم نریندرمودی نے دیوالی کے موقع پر آج اترپردیش کے ایودھیا میں منعقد چھٹے دیپ اتسو کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں شری رام کا علامتی راجیہ ابھیشیک بھی کیا۔ وزیر اعظم مودی اپنے اتر پردیش دورے کے سلسلے میں اتوار کو دن میں لکھنؤ پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر کچھ وقت ٹھہرنے کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ایودھیا کے لئے روانہ ہو گئے۔ایودھیا میں آج دیپ اتسو میں تقریباً 18 لاکھ چراغ روش کئے گئے۔ جشن کے دوران آتش بازی، لیزر شو اور رام لیلا بھی پیش کی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب اس تقریب میں وزیر اعظم مودی نے شرکت کی۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ رام کی پیڑی پر 15 لاکھ چراغ روشن کئے گئے ۔ مودی نے شری رام جنم بھومی کے مقام پر بننے والے شاندار رام مندر کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد وہ سریو گیسٹ ہاؤس پہنچ گئے اور شام میں عظیم دیپ اتسو کی تقریبات کا آغاز کیا۔ بعد ازاں انہو نے نیا گھاٹ پر جدید ترین ٹیکنالوجی ‘گرین اینڈ ڈیجیٹل فائر ورکس’ کے ساتھ منظم سبز آتش بازی کا مشاہدہ کیا اور 7.30 بجے ایودھیا ہوائی پٹی سے دہلی کے لیے روانہ ہو گے۔