حیدرآباد۔6اپریل۔(سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقوں بالخصوص چارمینار‘ پتھر گٹی‘ دیوان دیوڑھی ‘ منڈی میر عالم ‘ ہائی کورٹ ‘ رکاب گنج کے علاوہ دیگر علاقوں میں ماہ رمضان المبار ک کے دوران گہماگہمی اور عوام کی آمد و رفت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ان علاقوں میں صفائی اور ان علاقوں میں جاری مرمتی کاموں کی عدم تکمیل کے سبب شہریوں اور تاجرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دیوان دیوڑھی کے علاقہ میں محکمہ آبرسانی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذریعہ جاری مرمتی کاموں کو مکمل کرنے کیلئے ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے ایک ماہ قبل نمائندگی کی گئی تھی تاکہ اس علاقہ میں موجود تاجرین اور ان بازاروں میں پہنچنے والوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جی ایچ ایم سی اور محکمہ آبرسانی سے کی جانے والی ان نمائندگیوں کے باوجود اب تک بھی ان کاموں کو مکمل نہیں کیا گیا جس کے سبب دیوان دیوڑھی میں ٹریفک جام کے علاوہ گرد و غبار معمول کی بات بن چکا ہے اور تاجرین مسلسل تین ماہ سے اس مسئلہ کے حل کے لئے منتخبہ نمائندوں کے علاوہ عہدیداروں کو متوجہ کروا رہے ہیں لیکن ان کاموں کی عدم تکمیل اب ماہ رمضان کے دوران مشکلات کا سبب بن چکی ہے۔ تاجرین کا کہناہے گڑھوں کی کھدوائی اور ڈرینیج کے مرمتی کاموں کے سلسلہ میں کی جانے والی کوتاہی کے نتیجہ میں علاقہ کا نہ صرف کاروبار متاثر ہورہا ہے بلکہ مسلسل راہگیروں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے علاوہ ازیں مسلسل گرد و غبار کے سبب کپڑے کی دکانات میں موجود قیمتی اسٹاک خراب ہورہا ہے ۔ بلدی عہدیداروں سے اس سلسلہ میں رابطہ کئے جانے پر ان کا کہناہے کہ یہ کام محکمہ آبرسانی کی جانب سے کئے جارہے ہیں اور ان کاموں کی تکمیل ان کی ذمہ داری ہے اور جب محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں سے دریافت کیا جا رہاہے تو کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی کے اشتراک کے ساتھ یہ کام انجام دیئے جارہے ہیں جلد ہی ان کاموں کا مکمل کرلیا جائے گا۔ م