دیو آنند نے شائقین کے دلوں پر برسوں راج کیا

   

ممبئی، 25 ستمبر (یو این آئی) دیو آنند ہندوستانی سنیما کے ان فن کاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی اداکاری، منفرد انداز، رومانوی شخصیت اور فلم سازی کے ذریعے کئی دہائیوں تک شائقین کے دلوں پر راج کیا۔دیو آنند کا نام ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں ایک ایسے فن کار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے عمر کے بڑھنے کے باوجود اپنے اندر کے نوجوان کو زندہ رکھا اور آخری وقت تک فلم بنانے اور کام کرنے کا جذبہ برقرار رکھا۔انہیں اکثر اپنے دور کے دیگر بڑے اداکاروں، خصوصاً راج کپور اور دلیپ کمار کے ساتھ ہندوستانی سنیما کی مقبول ترین تین شخصیات میں شمار کیا جاتا تھا۔ ہندستانی سنیما میں تقریباً 6 دہائیوں تک مداحوں کے دلوں پر حکومت کرنے والے صدا بہار اداکار دیو آنند کو اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے سخت مشقت کرنی پڑی تھی۔ پنجاب کے گرداس پور میں 26 ستمبر 1923 کو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے دھرم دیو پشوری مل آنند عرف دیو آنند نے انگریزی ادب میں اپنی گریجویٹ کی تعلیم 1942 میں لاہور کے مشہور گورنمنٹ کالج سے مکمل کی۔