دیپیکا سہراوت نے 9گول بنائے ، ہندوستان 20-1سے کامیاب

   

آئیچی-ناگویا (جاپان)، 23ستمبر (یو این آئی) ایشیائی کھیل 2026میں ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے گول کرنے کا سلسلہ چہارشنبہ گیفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں پول بی کے میچ میں بھی جاری رہا۔ ہندوستانی ٹیم نے تھائی لینڈ کو 20-1سے کراری شکست دی۔ آج یہاں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے فارورڈ، ڈریگ فلک کی ماہر اور اسٹار کھلاڑی دیپیکا نے پنالٹی کارنر کے ذریعے سب سے زیادہ 9 گول داغے ۔ دیپیکا نے دوسرے ، 8ویں، 9ویں، 24ویں، 33ویں، 36ویں، 39ویں، 51ویں اور 57ویں منٹ میں گول کیے اور اس طرح اس مقابلے میں محض 3 میچوں میں اپنے مجموعی گول کی تعداد 20تک پہنچا دی۔اس کے علاوہ نونیت کور نے 4ویں، 29ویں، 35ویں اور 51ویں منٹ میں جبکہ روتوجا پیسل نے 10ویں، 11ویں اور 47ویں منٹ میں گول کیے ۔ ان دونوں نے آئیچی-ناگویا میں مسلسل دوسری ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ نیہا نے 19ویں، لالریمسیامی ہمرزوٹے نے 26ویں، ساکشی رانا نے 29ویں اور کپتان سلیمہ ٹیٹے نے 45ویں منٹ میں گول کرکے اس بڑی جیت میں تعاون دیا، جبکہ تھائی لینڈ کے لیے سپانسا سمنسو نے 57ویں منٹ میں ایک تسلی بخش گول کیا۔ایشیائی کھیلوں کی خواتین ہاکی میں ہندوستان کی یہ سب سے بڑی جیت میں سے ایک تھی۔اس سے پہلے ہانگژو 2023میں برونز میڈلجیتنے والے ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کو 19-0 سے ہرایا تھا اور دوسرے میچ میں انڈونیشیا پر 17-1سے غلبہ حاصل کیا تھا۔میچ کے آغاز میں ہی دیپیکا نے گولوں کی بارش شروع کر دی۔ انہوں نے ابتدائی 10 منٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی، جس میں تینوں گول پنالٹی کارنر سے آئے ۔ نونیت کور نے بھی ایک گول کیا اور روتوجا پیسل نے مزید 2گول کیے ، جس سے ہندوستان نے پہلا کوارٹر 6-0کی برتری کے ساتھ ختم کیا۔ایف آئی ایچ خواتین ہاکی درجہ بندی میں 8ویں مقام پر موجود ہندوستانی ٹیم نے ہاف ٹائم سے پہلے مزید 5گول کیے ۔ تیسرے کوارٹر میں بھی ہندوستان نے کئی گول کیے اور آخری مرحلے میں 16-0کی برتری کے ساتھ داخل ہوا۔ دنیا کی 25ویں نمبر کی ٹیم تھائی لینڈ کو آخری کوارٹر میں کچھ راحت ملی؛ اس نے 4 گول کھائے ۔