حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : مرکزی وزیر سیاحت و کلچر اور صدر تلنگانہ بی جے پی یونٹ جی کشن ریڈی نے کل کہا کہ دیہاتوں کے لیے اسپیشل آفیسر مقرر کرنے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا اقدام غیر دستوری ہے ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت دستور کی 73 ویں ترمیم کی توہین کررہی ہے اور کہا کہ ریاستی حکومت گرام پنچایتوں کے بروقت انتخابات کرانے کے لیے ذمہ دار ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ گرام پنچایتوں کے انتخابات منعقد کرنے تک موجودہ سرپنچس کی میعاد میں توسیع دی جانی چاہئے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی نے بارہا یہ کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب گرام سبھایں لگا کر کیا جائے گا ۔ انہوں نے پوچھا کہ اگر سرپنچس نہ ہوں تو گرام سبھایں کیسے منعقد ہوں گی اور استفادہ کنندگان کا انتخاب کس طرح کیا جائے گا ۔۔