نلگنڈہ کنگل منڈل میں زیرتعمیر سرکاری جونیر کالج کا معائنہ ،ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کا خطاب
نلگنڈہ۔31/ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی صرف تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے، اسی لیے ریاستی حکومت تعلیمی شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔یہ بات ریاستی وزیر عمارات و شوارع اور سنیماٹوگرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتائی۔وزیر موصوف نے اتوار کو کنگل منڈل مستقرمیں زیرِ تعمیر سرکاری جونیئر کالج کی عمارت کا اچانک معائنہ کیا۔ تقریباً 6 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس عمارت کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام سے پیش رفت کی تفصیلات حاصل کیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور دیہی علاقوں کے طلبہ کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم کو عوام بلخصوص غریب طبقے کے قریب لانے کے مقصد سے تپرتی اور کنگل منڈل مستقر میں سرکاری جونیئر کالج قائم کیے گئے ہیں۔کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں تعلیمی شعبہ کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیرِ تعلیم نے اپنے دورِ اقتدار میں مہاتما گاندھی یونیورسٹی کا دورہ تک نہیں کیا۔انہوں نے بتایا کہ مہاتما گاندھی یونیورسٹی جو سابق وزیر اعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں 300 ایکڑ اراضی پر قائم کی گئی تھی آج ریاست کی نمایاں جامعات میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ تعلیمی سال سے یونیورسٹی میں بی فارمیسی ڈی فارمیسی ایم فارمیسی اور ایل ایل بی جیسے نئے کورسس شروع کیے جائیں گے۔ریاستی وزیر نے ایس ایل بی سی (سری سیلم لیفٹ بینک کنال) منصوبہ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرنگ کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبہ کی تکمیل کے بعد کسانوں کو دو فصلوں کے لیے آبپاشی کا پانی فراہم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ 13 یا 14 تاریخ کو کنگل اور گرم پوڈو کے درمیان تقریباً 100 ایکڑ اراضی پر ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا اس موقع پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اس پلان کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔کومٹ ریڈی نے بتایا کہ ضلع میں دھان کی خریداری کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بس یاترا کے بجائے دہلی تک پیدل مارچ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کروڑوں روپے کی لاگت سے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ 450 کروڑ روپے کی لاگت سے ایس ایل بی سی نہر کی لائننگ کا کام بھی تیزی سے انجام دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر سابق زیڈ پی ٹی سی نرسنگ سرینواس گوڑ وینکٹیشم آر ٹی اے ڈائریکٹر راجا ریڈی سابق مارکیٹ کمیٹی چیئرمین بکھشم یادو وینکٹ ریڈی مقامی سرپنچ نرسنگ مرلی دھر سمیت متعدد کانگریسی قائدین عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔