بھوپال : مسلمانوں کی نسل کشی پر فلم بنانے کی اپنی باتوں سے سرخیوں میں آنے والے ہندوستانی سول سروس کے افسر نیاز خان آج ایک بار پھر یہ کہہ کر سرخیوں میں آگئے کہ ‘دی کشمیرفائلز’ کے ڈائریکٹر کو فلم سے حاصل ہونے والی رقم کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی بحالی کے لیے استعمال کرنی چاہیے ۔ مسٹر خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ اس فلم کی کمائی تقریباً 150 کروڑ تک پہنچ گئی ہے ۔ لوگ کشمیری پنڈتوں کے جذبات کا بہت احترام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا، ‘میرا ماننا ہے کہ فلم کے پروڈیوسر کو پوری رقم کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی تعلیم اور کشمیر میں ان کے لیے گھر بنانے کے لیے دینا چاہیے ۔ یہ ایک بہت بڑی خدمت ہوگی۔ قبل ازیں گزشتہ روز مسٹر خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ کشمیر فائلز میں کشمیری پنڈتوں کا درد دکھایا گیا ہے ۔ بنانے والوں کو چاہئے کہ وہ ملک میں مسلمانوں کے قتل عام پر بھی فلم بنائیں۔ مسلمان کیڑے مکوڑے نہیں ہیں، وہ زندہ انسان اور اس ملک کے شہری ہیں۔