حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے تلنگانہ میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کے اعلان کے بعد بجٹ اجلاس میں بل پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر کو چیف منسٹر نے بل کی تیاری کی ذمہ داری دی ہے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پیش کی جس کے بعد کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے حکام سے کہا کہ وہ جلد بل کا مسودہ تیار کریں جسے کابینی اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ 1931 میں برطانوی حکومت نے ملک میں مردم شماری کے وقت ذات پات پر مبنی آبادی کی تفصیلات اکھٹا کی تھی۔ اس کے بعد سے ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری نہیں کی گئی ۔ کمزور طبقات کو حکومت کی اسکیمات میں موثر نمائندگی کیلئے کانگریس نے قومی سطح پر مردم شماری کی تجویز پیش کی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے انتخابی منشور میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ بی سی اور دیگر کمزور طبقات کی مردم شماری کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ حقیقی آبادی کا پتہ چلے۔ وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے بل کے مسودہ پر اعلی عہدیداروں سے مشاورت کی ہے۔ واضح رہے کہ بہار میں دو مرتبہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی گئی ۔