ذہنی تناو نسوانی حسن و خوبصورتی کا دشمن

   

حیدرآباد ۔ذہنی تناؤ خوبصورتی کا دشمن ہے اور گھریلو خواتین ذہنی دباؤ کا شکار ہوتی ہیں۔ گھریلو کام کاج بچوں کی ذمہ داری، وقت بے وقت مہمانوں کی آمد، بے خوابی اورکام کی زیادتی انہیں تھکاوٹ اور بے چینی کی سی کیفیات میں مبتلا کر دیتی ہے جو ذہنی تناؤ کی وجوہات ہیں۔ذہنی تناو اور اعصابی کشمکش، نسوانی حسن و خوبصورتی پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔ ماہرین حسن و صحت کا کہنا ہے کہ ایسی کیفیات سے خواتین،چہرے کی تازگی و دلکشی، جسمانی خوبصورتی اور آنکھوں کی چمک سے محروم ہو جاتی ہیں۔ایسے میں بہتر سے بہتر میک اپ بھی ان کی خوبصورتی کو سہارا نہیں دے سکتا کیونکہ وہ اندورنی طور پر چاق و چوبند اور چست نہیں ہیں۔اگرآپ ایسی کشمکش میں مبتلا ہوں تو اس کے وجود کا پتہ چلانا بڑا ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ ذہنی تناو یا دباو کا شکار ہوں تو پیدل چلیے، پندرہ بیس منٹ کی پیدل چہل قدمی سے غیرمعمولی طور پر آپ خود میں تبدیلی محسوس کرنے لگیں گی۔اسی طرح ایسے عالم میں اچھی کتاب کا مطالعہ، کسی اچھی دوست سے باتیں کرکے بھی ذہنی خلفشار کو کم کیا جا سکتا ہے، خواتین خانہ کیلئے ماہرین کا مشورہ ہے کہ وہ فارغ اوقات میں کسی نہ کسی دلچسپی اور مشغلے کو ضرور اپنائیں۔ خواہ یہ گھر میں لگے پودوں کو پانی دینے کا مشغلہ ہی کیوں نہ ہو۔اس کے علاوہ بیشتر خواتین کے چہرے پر دانے وغیرہ نکل آتے ہیں جو بعد ازاں داغ چھوڑ جاتے ہیں۔ اسی طرح آنکھوں کے گرد حلقے پڑ جانا بھی خواتین کیلئے ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ اس کیلئے خاندانی ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروی ہے کیونکہ بسا اوقات جسمانی بیماریاں بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا باعث بنتی ہیں۔چہرے پر نکلنے والے دانوں کو کبھی ہاتھ سے نہ دبائیے۔ اپنے چہرے کو دن میں کم از کم چار مرتبہ ایسے صابن سے دھوئیے جس سے آپ کو نہ تو الرجی ہوتی ہو اور نہ ہی یہ صابن چہرے پر خشکی پیدا کرتا ہو۔ داغ اور دھبوں کے خاتمہ کیلئے اگر آپ بیسن سے منہ دھوئیں تو یہ نتیجہ خیز ثابت ہو گا۔ہفتہ میں کم از کم تین بار بیسن سے منہ دھوئیے اور پھر خشک کرکے ایسی کریم لگائیے جو آپ کو بہتر ہو اور جس سے چہرے کی جلد نرم ہوجائے۔ جھریوں کے خاتمہ کیلئے پہلے تو یہ معلوم کیجئے کہ آپ پوری نیند لیتی ہیں یا نہیں۔ دوسرا یہ کہ آپ بلاوجہ پریشانی اور تناؤ میں مبتلا تو نہیں ہیں۔اگر ایسا نہیں ہے تو پھر صبح سویرے بستر سے اٹھتے ہی اپنے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو آپس میں رگڑیں، جب وہ تھوڑی سی گرم ہو جائیں تو آہستگی کے ساتھ انہیں آنکھوں کے نیچے حلقوں پر مس کریں۔انگلیوں کی حرارت سے حلقے معدوم ہوتے چلے جائیں گے یہ عمل دن میں دو تین مرتبہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ لیموں بلیچ کریم کا متبادل شفاف جلد اور چمکتا دمکتا چہرہ کس کا خواب نہیں لیکن کیا آپ کو علم ہے کہ قدرت نے لیموں کے رس میں جلد کی تازگی اور شفاف پن کا خزانہ مخفی کر رکھا ہے۔جی ہاں، لیموں وٹامن سی کا سرچشمہ ہے اس لیے اسے جلد کیلئے موثر اور بہترین قرار دیا گیا ہے۔ اس میں بلیچ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ رنگت اگر سانولی ہو تو اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ لیموں کا رس نچوڑ لیجئے اور تقریباً آدھے لیموں کے رس میں انڈے کی تھوڑی سی زردی پھینٹ کر اسے لیموں کے خالی اور صاف آدھے حصے کے ٹکڑے میں ڈال دیجئے اور اس میں مزید تھوڑا سا لیموں کا رس ملا لیجئے۔اسے استعمال کرنے سے رنگت بہتر ہوتی ہے۔