ویڈیو وائرل ‘ ہائی وولٹیج وائرس پر کرتب بازی
حیدرآباد۔20 اکتوبر۔ (یواین آئی) ایک ذہنی طورپر متاثرہ شخص الکڑک پول پر چڑھ گیا اور ہائی وولٹیج وائروں پر کرتب کرنے لگا۔یہ واقعہ اے پی ضلع پرکاشم میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق اس شخص کی شناخت ناصرریڈی کے طور پر کی گئی جو ذہنی متاثر ہے اور وہ سڑکوں پر گھومتارہتا ہے ۔یہ شخص لوگوں کے مکانات کی چھتوں اور بجلی کے پول پر اچانک چڑھ جاتا ہے ۔وہ ضلع کے کھمبم پٹنم علاقہ میں اچانک ہائی ٹنشن بجلی کے پول پر چڑھ گیا۔مقامی افرادنے فوری اطلاع بجلی کو دی ۔ حکام نے فوری بجلی کی سپلائی کوعارضی بند کردیاتاکہ یہ شخص بجلی کے جھٹکے سے محفوظ رہے ۔اس شخص نے ہائی ٹنشن پول پر چڑھ کر تاروں کو پکڑ کر کرتب بازی شروع کردی۔اس کی ان حرکتوں نے مقامی افراد میں الجھن پیداکردی جنہوں نے اس واقعہ کی ویڈیو اپنے سل فونس میں قید کرتے ہوئے اس کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وائرل کردیا۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور تقریبا دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد اس کو محفوظ نیچے اتارنے میں کامیابی حاصل کرلی۔بعد ازاں پولیس نے اس کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور اس بات کی اطلاع اس کے ارکان خاندان کو دی۔